کوئٹہ کے عالمو چوک پر بم دھماکہ پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
کوئٹہ میں اس سے قبل بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں کئی معصوم وبے گناہ افرادکو موت کی نیند سلا دیا گیا ہے ، رابطہ کمیٹی
بم دھماکہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
آرمی چیف اور وزیراعظم کوئٹہ بم دھماکہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔24، جون 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کوئٹہ میں عالمو چوک پر بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کوئٹہ میں اس سے قبل بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں کئی معصوم وبے گناہ افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا ہے اور آج بھی کوئٹہ میں بم دھماکہ کرکے درجنوں معصوم و بے گناہ انسانوں کو خاک و خون میں نہلا دیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے بم دھماکہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ رابطہ کمیٹی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وزیراعظم نواز شریف اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں بم دھماکہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔