آئل ٹینکر “Honour 25” کے عملے کے اغوا پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اظہارِ تشویش
*مغویوں کی باحفاطت بازیابی کیلئے حکومتِ پاکستان فوری اقدامات کریں ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی*
لندن ۔۔۔ 4 مئی 2026ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے 22 اپریل 2026ء کو صومالی قزاقوں کی جانب سے آئل ٹینکر *Honour 25* کے اغوا اور اس کے عملے کو یرغمال بنائے جانے کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جہاز کے عملے میں کراچی، پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ شدید کرب، پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے بانی و قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی جانب سے مغوی عملے کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی، ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ایم کیو ایم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور عملے کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن سفارتی و انسانی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔
رابطہ کمیٹی نےصدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان، وزارتِ خارجہ، وزارتِ سمندری امور، متعلقہ سفارتی اداروں اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی عملے سمیت تمام مغویوں کی جلد بازیابی کے لیے مؤثر سفارتی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
رابطہ کمیٹی نے عالمی اداروں، میری ٹائم سیکیورٹی تنظیموں، اقوامِ متحدہ کے متعلقہ اداروں، خطے کی حکومتوں اور دیگر ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے صومالی قزاقوں کے قبضے سے جہاز کے عملے کی بحفاظت رہائی کے لیے فوری کردار ادا کریں۔
رابطہ کمیٹی نےحکومتِ پاکستان سےمطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ قائم کرے، انہیں صورتحال سے باخبر رکھے، اور بازیابی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے عوام کو آگاہ کرے۔
رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ آئل ٹینکر Honour 25 کے تمام مغوی عملے کو جلد از جلد بحفاظت رہائی نصیب ہو اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و ہمت عطا ہو۔