ایم کیوایم کے کارکن سیدعبدالنوید کے ماورائے عدالت قتل کی مکمل تحقیقات کرائی جائے
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسرڈاکٹرحسن ظفرعارف، ساتھی اسحق ایڈوکیٹ،کنورخالدیونس اور
مومن خان مومن کاوزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ
جو سرکاری اہلکارماورائے عدالت قتل میں ملوث ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے
ایم کیوایم کے کارکنوں اورمہاجرعوام پر جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں وہ انتہائی قابل مذمت ہیں
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جناب انورظہیرجمالی ،سیدعبدالنویدشہید کے ماورائے عدالت قتل کا ازخودنوٹس لیں
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسرڈاکٹرحسن ظفرعارف، ساتھی اسحق ایڈوکیٹ،کنورخالدیونس اورمومن خان مومن کا مشترکہ بیان
کراچی ۔۔۔ 16 اکتوبر 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسرڈاکٹرحسن ظفرعارف، ساتھی اسحق ایڈوکیٹ،کنورخالدیونس اورمومن خان مومن نے اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیوایم کے کارکن سیدعبدالنوید کے ماورائے عدالت قتل کی شدیدمذمت کی ہے اوروزیراعظم نوازشریف اورچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیاہے کہ ماورائے عدالت قتل کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے اورجو سرکاری اہلکاراس میں ملوث ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ سیدعبدالنوید کو31 جنوری 2015ء کو رینجرزکے اہلکاروں نے کورنگی میں ان کے گھرسے اہل خانہ کے سامنے گرفتارکیاتھا۔ ان کی گرفتاری کے خلاف سیدعبدالنویدکے اہل خانہ نے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی تھی جس کانمبر890/15 ہے ۔ نویدشہیدکوکسی عدالت کے روبروپیش نہیں کیاگیا اور ایک سال8 ماہ بعدان کی تشددزدہ لاش ٹھٹھہ کے قریب 30ستمبر 2016ء کو پائی گئی۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ حالیہ آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 66کارکن ماورائے عدالت قتل کئے جاچکے ہیں اور یہ 67 واں ماورائے عدالت قتل ہے۔اس واقعہ سے ایم کیوایم کے دیگرلاپتہ کارکنوں کی زندگیاں بھی شدیدخطرے میں ہیں ۔ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کاجس طرح ماورائے عدالت قتل کیا جارہاہے ، انہیں گرفتارکرکے سرکاری ٹارچرسیلوں میں جس قسم کابہیمانہ تشددکیاجارہاہے،ایم کیوایم کے کارکنوں اورمہاجرعوام پر جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں وہ انتہائی قابل مذمت ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکن سیدعبدالنویدشہیدکے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرائی جائے اورماورائے عدالت قتل کے ذمہ داروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جناب انورظہیرجمالی سے بھی ا پیل کی کہ سیدعبدالنویدشہید کے ماورائے عدالت قتل کا ازخودنوٹس لیاجائے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ماورائے عدالت قتل اورانسانی حقوق کی خلاف ورذیوں پر صدائے احتجاج بلند کریں۔