ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثارپہنور اوران کے بیٹے محسن پہنور کی جبری گمشدگی کے خلاف ملیرسٹی تھانے میں ایف آئی آردرج کرلی گئی
سندھ ہائیکورٹ نے بازیابی کے لئے دائر پٹیشن کی سماعت 16اپریل تک ملتوی کردی
لندن……14 مارچ 2026ء
ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثارپہنور اوران کے صاحبزادے محسن پہنور کی جبری گمشدگی کے خلاف ڈھائی ماہ بعد ملیرسٹی تھانے میں ایف آئی آردرج کرلی گئی۔ ایف آئی آر نثارپہنور کے چھوٹے بیٹے منصورنثار کی مدعیت میں دائر کی گئی ہے۔ ایف آئی آرمیں کہا گیا ہے کہ مورخہ 22دسمبر 2025ء کو دن کے دوبجے میرے والد نثاراحمد میرے بھائی29سالہ محسن نثار اپنی کار میں میرے چچا کی رہائش گاہ واقع گلشن حدیدسے اپنے گھر سعدی ٹاؤن کی طرف آرہے تھے اورہمیں پتہ چلا کہ میرے والد صاحب اور بھائی کی گاڑی کاتعاقب ایک کارنمبر DCK-358گلشن حدیدسے تعاقب کرتے ہوئی آئی اورجب میرے والدکی گاڑی 2بجکر 28منٹ پر ملیر پل 15نزدملنگ ہوٹل ملیرسٹی پہنچی توتعاقب کرنے والی گاڑی نے دیگراپنے ساتھیوں وگاڑیوں کی مدد سے میرے والد کی کارکواسلحہ کے زورپرروک کر اغواکرتے ہوئے گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔ اس ایف آئی آر کانمبر 365/34ہے۔
مزید یہ کہ نثارپہنوراو رمحسن پنہور کی جبری گمشدگی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر ہے۔ پٹیشن کی سماعت 12 مارچ کوہائیکورٹ کی مخصوص بینچ میں ہوئی۔سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کوبتایاکہ معاملے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اوراس کی تحقیقات کی جائے گی۔ عدالت نے پٹیشن کی سماعت 16اپریل تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔