امریکہ کے شہر ہیوسٹن، ٹیکساس میں ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کی 72 ویں سالگرہ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
پروگرام میں ایم کیو ایم کے کارکنان سمیت خواتین ، بزرگوں ، بچوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔
ہییوسٹن(ٹیکساس)۔۔۔ 19 ستمبر 2025ء
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی و قائد الطاف حسین کی 72 ویں سالگرہ 19 ستمبر 2025ء کو ہیوسٹن کے ایک نجی ہوٹل میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس پروقار تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قائدِ تحریک کی صحت، درازیِ عمر اور جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جو حافط فیضان احمد صدیقی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض عاصم رضوی نے انجام دیے۔ مقررین میں چیپڑ انچارج فواد احمد، غلام محی الدین چشتی، محمد بلال خان ، سابق رکن صوبائی اسمبلی سندھ امام الدین شہزاد اور رُکن رابطہ کمیٹی سید عاطف شمیم شامل تھے جنہوں نے الطاف حسین کی قیادت اور جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے اپنی تقاریر میں کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ مظلوم عوام، بالخصوص مہاجروں کے بنیادی حقوق کی آواز بلند کی اور انہیں اپنے جائز مقام کے حصول کے لیے جدوجہد کا حوصلہ دیا۔ مقررین نے 17 ستمبر کو “یومِ عزم و وفا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن الطاف حسین سے عوام کی غیر متزلزل وابستگی کی علامت ہے۔
شرکائے تقریب نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کی تقریر اور تحریر پر عائد غیر آئینی اور غیر جمہوری پابندی کو فی الفور ختم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ ملک کی ترقی اور مظلوم عوام کے حقوق کے لیے اپنی قیادت کا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
تقریب کا اختتام اجتماعی دعا ، کیک کٹنگ اور طعام کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ الطاف حسین کے فکر و فلسفے پر کاربند رہیں گے اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کریں گے۔