ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو عدالت کی جانب سے ضمانت پررہائی کے احکامات کے باوجود نقص امن کے تحت دوبارہ حراست میں لے لیاگیاہے
گرفتارکارکنوں کو سکھر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مصطفےٰ عزیزآبادی
پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ ماضی کی طرح اپنے ظلم وبربریت کے ہتھکنڈوںپر اترآئی ہے ۔ مصطفےٰ عزیزآبادی
کراچی کے ساتھ ساتھ حیدرآبادمیں بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں، یہ سراسرظلم ہے ۔ یہ ظلم بند کیاجائے
ظالمانہ اورآمرانہ اقدامات عوام میں مزیدنفرتوںکوجنم دیںگے۔ مصطفےٰ عزیزآبادی
ایم کیوایم کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں بند کرائی جائیں۔ آرمی چیف سے اپیل
لندن … 11جولائی 2023ئ
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرمصطفےٰ عزیزآبادی نے کورنگی میں پرامن ریلی نکالنے کی پاداش میں گرفتار کئے گئے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو عدالت کی جانب سے ضمانت پررہائی کے احکامات کے باوجود نقص امن کے تحت دوبارہ حراست میں لئے جانے کی شدیدمذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے 30 کارکنوں کوآج مجسٹریٹ کی عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کاآرڈ ر کیاتھا لیکن ان کارکنوںکورہاکرنے کے بجائے حکومت سندھ کے احکامات پر 16 ایم پی او نقص امن کے تحت دوبارہ حراست میں لے لیاگیا ہے۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ اب یہ اطلاعات بھی مل رہی ہیںکہ ان کارکنوں کو تھانے میں رکھنے یا کراچی سینٹرل جیل منتقل کرنے کے بجائے کراچی سے باہرسکھریا کسی دوسرے شہر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے اس اقدام کی شدیدالفاظ میںمذمت کرتے ہوئے کہاکہ آخرایم کیوایم کے ان کارکنوں نے کونساقانون توڑاہے جس کی پاداش میں ان کے خلاف اس طرح کے ظالمانہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر ایم کیوایم کوکچلنے کیلئے ماضی کی طرح اپنے ظلم وبربریت کے ہتھکنڈوںپر اترآئی ہے ، ایک طرف کارکنوںکوغیرقانونی طورپرحراست میں رکھاجارہاہے اور دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میں بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں، یہ سراسر ظلم ہے ۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ اس طرح کے ظالمانہ اقدامات عوام میں مزیدنفرتوںکوجنم دیںگے۔ یہ ظلم بند کیاجائے، ایم کیوایم کے گرفتار شدگان کوفی الفور رہاکیاجائے، چھاپے اورگرفتاریاں بند کی جائیں اورایم کیوایم کے کارکنوں کو کراچی سے باہر منتقل کرنے کے ظالمانہ اقدام سے بازرہاجائے اورانہیں فی الفور رہا کیاجائے۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل کی کہ ایم کیوایم کے خلاف یہ ظالمانہ کارروائیاں بند کرائی جائیں۔
٭٭٭٭٭