میر ے پیارے عوام !
سلام وآداب
میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے اور جب سے ذہن میں موجود شعور کے خانوں '' Cells''میں پختگی آنے لگی ۔جاننے ، سوچنے او ر سمجھنے کی جستجوبیدار ہونے لگی، اس وقت سے لے کر آج تک ملک کے ہر ہر شعبے بشمول معیشت سمیت دیگر معاملات پر دیگر باتوں کے علا وہ بار بار ایک ہی جیسی باتیں زیادہ سننے کو ملیں اور ان کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ جو باتیں زیادہ سننے کو ملیں ،ان میں یہ ہے کہ فلاں فلاں سیاسی ومذہبی جماعت بہت ہی زیادہ خراب ہے… فلا ں فلاں لیڈر ڈاکو ہے… فلاں فلاں رہزن ہے …فلاں فلاں چور ہے ،جس نے سب سے زیادہ رشوتیں ،کمیشنز اور کک بیکس لئے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے خوب لوٹا ۔
میرے پیارے عوام !اب آپ ہی مجھے خود بتائیں کہ آپ کی معلومات اور ذاتی تجربہ کی روشنی میں سب سے زیادہ کر پٹ جماعت اورسب سے زیادہ کر پٹ لیڈر کون ہے جس نے ملک میں سب سے زیادہ کرپشن کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے آج ملک دیوالیہ ہوچکا ہے اور IMF سمیت بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے ہمیشہ مدد کا طالب رہا ہے اور آج بھی ہے ۔
اس کے علاوہ میرے پیارے عوام !مجھے یہ بھی ضرور بتائیں کہ کیا سیاسی و مذہبی جماعتوں اور لیڈروں کے علاوہ ملک کے کچھ اور بڑے بڑے قومی ادارے بھی ہیں جن کے ہاتھ ملک کی روز بروز بگڑتی ہوئی صورتحال اور معاشی تباہی میں شامل ہیں؟
مزید پلیز یہ بھی بتائیں کہ وہ بڑے بڑے ادارے کون کون سے ہیں اور ان اداروں کے نام کیا ہیں ؟
میں آپ کے جواب کامنتظرہوں۔
بہت بہت شکریہ
آپ کا الطاف حسین
7 جون 2023