خرم ذکی شہیدکے قاتلوں اور انکے سرپرستوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے، الطاف حسین
خرم ذکی نے کراچی کی تعمیر و ترقی، بلدیاتی اداروں کے اختیارات، شہریوں کے حقوق کیلئے اور فرقہ واریت کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی، الطاف حسین
شہریوں کے حقوق کی جدوجہد اورحق گوئی کی پاداش میں خرم ذکی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، الطاف حسین
دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الطاف حسین
کراچی کے معروف سماجی کارکن خرم ذکی کے بہیمانہ قتل پر قائد تحریک الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن۔۔۔7، مئی2016
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی میں معروف سماجی کارکن خرم ذکی کے بہیمانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ خرم ذکی شہید کے قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کراچی اور اس کے شہریوں کیلئے خرم ذکی ،کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ شہید نے کراچی کی تعمیروترقی ، بلدیاتی اداروں کے اختیارات ، شہریوں کے حقوق کیلئے اورفرقہ واریت کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی سمیت دیگرسماجی مسائل کے ساتھ ساتھ کراچی کے مسائل کو اجاگرکرنے کیلئے حق پرستانہ کرداراداکرتے رہے۔ کراچی اوراس کے شہریوں کے حقوق کی جدوجہد اورحق گوئی کی پاداش میں سفاک دہشت گردوں نے خرم ذکی کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید کردیا ۔ جناب الطاف حسین نے خرم ذکی شہیدکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ خرم ذکی ،کی شہادت سے مجھے ذاتی طورپردلی صدمہ پہنچا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خرم ذکی شہید کے درجات بلندفرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ خرم ذکی کے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، قاتلوں اور انکے سرپرستوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اورمثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں