کرپشن میں ملوث فوج کے جرنیلوں اوراعلیٰ افسران کی برطرفی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ الطاف حسین
کرپشن سول اداروں کے ساتھ ساتھ فوج اوراس کے تمام اداروں میں نیچے سے اوپرتک موجود ہے
ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہے خواہ وہ سویلین ادارے ہوں، فوج ہو یاعدلیہ ہو
جنرل راحیل شریف فوج ، رینجرزاور خفیہ عسکری اداروں کے ان افسران کے خلاف بھی کارروائی کریں جوایم کیوایم
سے خارج کئے گئے افرادپر کو ایم کیوایم کے خلاف کھڑا کرنے کیلئے سرمایہ فراہم کررہے ہیں
خفیہ اداروں کے بعض افسران ایم کیوایم کے رہنماؤں، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، ناظمین، پارٹی عہدیداروں پرسیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے طرح طرح کے ناجائزہتھکنڈے اختیارکررہے ہیں
یہ تمام عمل بھی اپنے منصب کاغلط استعمال اور ایک قسم کی سنگین کرپشن ہے ،اس کرپشن میں ملوث افرادکے خلاف بھی کارروائی
کی جائے خواہ وہ کتنے ہی بڑے عہدے پرکیوں نہ فائزہوں
لندن۔۔۔21 اپریل 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے کرپشن میں ملوث فوج کے جرنیلوں اوردیگر اعلیٰ افسران کی برطرفی کے فیصلے کازبردست خیرمقدم کیا ہے اوراسے ایک مثبت قدم قراردیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ماضی میں فوج کے وہ جرنیل اوراعلیٰ افسران جنہوں نے اپنے منصب کاناجائزاستعمال کیااوراپنی سنگین کرپشن اور غلط کاریوں کی وجہ سے فوج کے ادارے کی نیک نامی کونقصان پہنچایاتھاان افسران کی کرپشن اور سنگین معاملات پر ایکشن لینے کے بجائے ان کی پردہ پوشی کی جاتی رہی لیکن یہ امرخوش آئندہے کہ جنرل راحیل شریف نے اس مرتبہ فوج میں اعلی ترین سطح پر کرپشن کے سنگین معاملے کو سردخانے یا ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کے بجائے سنگین کرپشن میں ملوث فوج کے جرنیلوں اوراعلیٰ افسران کواعلانیہ برطرف کیاہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے یہ بڑافیصلہ کرکے اس حقیقت کوتسلیم کیاہے کرپشن سول اداروں کے ساتھ ساتھ فوج اوراس کے تمام اداروں میں نیچے سے اوپرتک موجود ہے اورصرف نچلی سطح کے ہی افسران نہیں بلکہ اعلیٰ سطح تک کے افسران کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن میں ملوث فوجی افسران کی برطرفی اس حقیقت کوتسلیم کرناہے کہ ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہے خواہ وہ سویلین ادارے ہوں، فوج ہویا عدلیہ ہو۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ آپ نے جہاں جرنیلوں کی سطح تک کے افسران کوکرپشن میں ملوث ہونے کی بناء پر برطرف کرنے کا قدم اٹھایاہے وہیں آپ فوج ، رینجرزاور خفیہ عسکری اداروں کے ان افسران کے
خلاف بھی کارروائی کریں جو سندھ خصوصاًکراچی میں ایم کیوایم سے خارج کئے گئے افرادپرمشتمل پارٹی بنارہے ہیں،انہیں ایم کیوایم کے خلاف کھڑا کرنے کیلئے سرمایہ فراہم کررہے ہیں،جوایم کیوایم کے رہنماؤں، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، ناظمین، پارٹی عہدیداروں پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لئے دباؤڈال رہے ہیں اوراس مقصدکیلئے طرح طرح کے ناجائزہتھکنڈے اختیارکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام عمل بھی اپنے منصب کاغلط استعمال اور ایک قسم کی سنگین کرپشن ہے لہٰذااس کرپشن میں ملوث افرادکے خلاف بھی کارروائی کی جائے خواہ وہ کتنے ہی بڑے عہدے پرکیوں نہ فائزہوں۔