قائد تحریک الطاف حسین کی تقاریر، تصاویر اور بیانات کو میڈیا پر نشر اور شائع کرنے پر عائد پابندی کے خلاف کل سے برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ کے سامنے بھوک ہڑتال کی جائے گی
بھوک ہڑتال پیر کو صبح دس بجے شروع ہوگی اور شام 6 بجے ختم ہوگی، بھوک ہڑتال کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا
بھوک ہڑتال میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور یوکے یونٹ کے ذمہ داران و کارکنان شریک ہوں گے
لندن ۔۔۔ 13 فروری 2016ء
ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی تقاریر،تصاویراوربیانات کوالیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاپرنشراورشائع کرنے پرعائد پابندی کے خلاف برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ کے سامنے کل بروزپیرسے دوروزہ بھوک ہڑتال کی جائے گی۔بھوک ہڑتا پیر 15فروری کو برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجے شروع ہوگی جو شام 6بجے تک جاری رہے گی ۔اسی طرح یہ سلسلہ منگل کو بھی جاری رہے گا۔ بھوک ہڑتال میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور یوکے یونٹ کے ذمہ داران وکارکنان شریک ہوں گے۔ ایم کیوایم یوکے کی جانب سے بھوک ہڑتال کی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ کئی ماہ سے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا پر نشر اور شائع کرنے حتیٰ کہ تصویرتک دکھانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے پاکستان بھرکے شہروں میں اس سے قبل کئی احتجاجی مظاہرے کئے جاچکے ہیں اس کے علاوہ برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اوردیگرممالک میں بھی مظاہرے کئے گئے ہیں جس کے بعداب اس معاملہ پر بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔