متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کا ویلنٹائن ڈے کے موقع پر پیغام
آج کا دن ایکدوسرے سے پیار ،محبت کرنے کا ،درس دینے کا اور محبت میں تحفہ تحائف دینے کا دن ہے،الطاف حسین
کسی نظریہ اور پیار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ،پیار سرحدوں کی پابندی سے آزاد ہوا کر تا ہے،الطاف حسین
لندن۔۔14فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ویلنٹائن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپس کی دشمنیاں ختم کرو ،ایک دوسرے سے پیار کرو ،نفرت نہیں محبت کرو اسی میں قوم کے اتحاد کا تصور عملاً سامنے آئے گا جب ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے ،ایک دوسرے کی مدد کریں گے اور جذبہ و پیار کے تحت جس کی بھی ہم مدد کر رہے ہونگے اس کے دل میں بھی محبت کا جذبہ لازماًپید ا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے محبت سے محبت پروان چڑھتی ہے ،پیار سے پیار پروان چڑھتا ہے ،کسی کی عزت و تکریم اور احترام کرنے سے بظاہر تو دوسرے کی تکریم کی جارہی ہوتی ہے لیکن اگر اس کا حقیقتاً جائزہ لیا جائے تو اس عمل سے اپنی ہی ذات کی تکریم میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آ ج کا دن پیار کے عنوان سے پیار کی نسبت سے منایا جاتا ہے اور ہر گزر تے دن کے ساتھ اس دن کے منانے میں اضافہ ہی اضافہ ہوتا جارہا ہے حتیٰ کے یورپ سے نکل کر محبت کا یہ پیغام سرحدیں عبور کرتے ہوئے آپ تک جا پہنچا ہے جیسا کہ آ پ جانتے ہیں کہ کسی نظریہ اور پیار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ،پیار سرحدوں کی پابندی سے آزاد ہوا کر تا ہے اور آج کا دن ایکدوسرے سے پیار کا دن ہے ،محبت کرنے ، اس کادرس دینے کا اور محبت میں تحفہ تحائف دینے کا دن ہے ۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین نے بھی اپنے ایک پیغام میں پاکستان سمیت پوری دنیا میں رہنے والی قوموں، ہمدردوں، کارکنوں وذمہ داروں کے نام محبت بھر ا پیغام کروڑوں دعاؤں کے ساتھ بھیجا ہے ۔