اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی …… ایک فکرانگیزلیکچر۔1
(Three Pronged Strategy of Establishment)
اسٹیبلشمنٹ کیاہوتی ہے؟
اسٹیبلشمنٹ عموماًکسی ملک کی ملٹری لیڈرشپ، اور اس کی انٹیلی جینس ایجنسیوں، سول بیوروکریسی اور ملک کے بااثرطاقتورشخصیات پر مشتمل ہوتی ہے۔
پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ فوج کے جرنیل، کورکمانڈر، اس کے آپریشنل کمانڈرز، فوج کی انٹیلی جینس ایجنسیز اورطاقتورفوجی اورسول افسرشاہی اوربااثرافراد پر مشتمل ہوتی ہے۔بااثرافراد میں بڑے بڑے جاگیردار، وڈیرے،سردار، خوانین اورسرمایہ دارشامل ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا ٹائیکون، بڑے بڑے اینکرز، تجزیہ نگاراورکالم نگار بھی اسٹیبلشمنٹ کاحصہ ہوتے ہیں جو اپنے تبصروں اورتجزیوں میں اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں اورمؤقف کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ عام سادہ لوح لوگوں کویہ بتاتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ جوکررہی ہے وہ درست ہے اوروہ ملک اورعوام کے لئے بہترکررہی ہے۔
انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ:
جس طرح ہر ملک کی اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے اسی طرح ایک انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ بھی ہوتی ہے جس کی پالیسیاں اورجائزوناجائزاقدامات پوری دنیا کے ممالک پر اثراندازہوتے ہیں۔اس کے بنائے ہوئے ادارے اوربااثرافراد اس انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے اقدامات کودرست اورجائزقراردینے کے لئے کام کرتے ہیں۔ جہاں اسٹیبلشمنٹ ہوگی وہاں اس کاایک سرداریاایک سربراہ بھی ہوتا ہے۔
آج کے زمانے میں جوانٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ ہے، وہ جوبھی جائز وناجائز فیصلہ کرے،خواہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹرکے خلاف ہی کیوں نہ ہو، اسے اقوام متحدہ بھی نہیں روک سکتی اوروہ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ مغربی ممالک پر مشتمل ہے۔ اس انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ میں یورپی ممالک اوران کی حکومتیں ہیں۔ اس میں بھی دوگروپ ہیں، ایک یورپی یونین ہے اوردوسرا برطانیہ اورمغربی ممالک اورامریکہ ہیں لیکن اس انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی امریکہ کررہاہے۔ امریکہ جو بھی پالیسی بنائے اور جوبھی اقدام کرے، برطانیہ، مغربی ممالک اوریورپی یونین اس کی تائید وحمایت کرتی ہیں۔ اس انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے آگے اقوام متحدہ بھی بے بس ہوتی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت عملی
(Three Pronged Strategy of Establishment)
اسٹیبلشمنٹ نیشنل ہویا انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ، وہ جب بھی کسی فرد، کسی قوم یاکسی ملک کے خلاف کوئی فیصلہ کرتی ہے، کوئی پالیسی بناتی ہے یا کوئی ایکشن کرتی ہے تووہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے جس حکمت عملی پر عمل درآمد کرتی ہے۔ اسے ” سہ جہتی حکمت عملی“ (Three Pronged Strategy) کہتے ہیں۔ یہ سہ حکمت عملی تین بنیادی اجزاء یاتین جہتوں پر مشتمل ہوتی ہے، آئسولیشن (Isolation) کرمنلائزیشن (Criminalisation) اور ڈی مورالائزیشن (Demoralisation)۔
آئیے ان کی تعریف سمجھتے ہیں۔
آئسولیشن (Isolation)
یعنی کسی فرد، کسی قوم یا کسی ملک کوآئسولیٹ (Isolate) کردینا، اسے دوسرے لوگوں سے، دوسری قوموں سے یا دوسرے ملکوں سے کاٹ دینا، اسے الگ کردینا، یک و تنہا کردینا۔
کرمنلائزیشن (Criminalisation)
یعنی جب کسی فرد، کسی قوم یاکسی جماعت کے خلاف کوئی ایکشن کرناہوتواسے دوسروں کے سامنے مجرم بناکرپیش کرنا، اسے دہشت گرد اوردوسروں کادشمن بناکرپیش کرنا۔
ڈی مورالائزیشن (Demoralisation)
جب کسی جماعت یا قوم یا ملک کے خلاف کوئی ایکشن کیاجائے، اسے مجرم اوردہشت گردقراردیکراس پر اوراس کی قوم پر اس قدرظلم کیاجائے کہ اس کے ماننے والوں میں ڈی مورالائزیشن یعنی مایوسی پھیلے۔
انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہت حکمت عملی اور عراق:
جب انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ نے عراق پرقبضہ کرنے کافیصلہ کیا تواس نے عراق کے خلاف اسی سہ جہتی حکمت عملی (Three Pronged Strategy) پرعمل کیا۔ عراق کویک و تنہاکرنے اورپوری دنیا سے کاٹنے کے لئے دنیاکویہ بتایاکہ عراق کے پاس انتہائی خطرناک اورمہلک ہتھیار ہیں جنہیں Weapons of Mass Destruction (WMD) کانام دیا گیا اورکہا گیا کہ عراق یہ انتہائی مہلک ہتھیاردوسرے عرب اوریورپی ممالک کے خلاف استعمال کرسکتا ہے اوراگرایساہوا توپوری دنیا تباہ ہوجائے گی۔ اس کے لئے جاپان کے شہروں ہیروشیمااورناگاساکی پر 1945ء میں امریکہ کی جانب سے گرائے گئے ایٹم بموں کی مثال دی گئی کہ جن کے نتیجے میں ان شہروں کے لاکھوں افراد ہلاک ہوگئے اور جوزخمی ہوئے وہ بھی زہریلی ریڈیائی لہروں کے نتیجے میں بالآخرموت کا شکار ہوگئے اوران ریڈیائی لہروں کے اثرات آج بھی پائے جاتے ہیں۔
WMD کا پروپیگنڈہ اتنا کیا گیا کہ اس سے نہ صرف عرب ممالک اوریورپی ممالک عراق کے خلاف ہوگئے بلکہ دنیا بھر کے ممالک بھی عراق سے دور ہوگئے۔
کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت عراق اوراس کے صدرصدام حسین کے خلاف طرح طرح جھوٹی جھوٹی کہانیاں پیش کی جانے لگیں تاکہ دنیا بھر کے ادارے اورعوام یہ کہنے لگیں کہ جلد سے جلد عراق کے خلاف ایکشن کرو، صدام حسین کوختم کرو تاکہ دنیا کے لوگ محفوظ رہ سکیں۔ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ نے WMD کا الزام لگا کر عراق کودہشت گرد ملک قراردیا اور پوری دنیا سے کہا کہ وہ عراق سے سفارتی تعلقات ختم کرلیں۔ لہٰذا پوری دنیا سے عراق کوآئسولیٹ کردیا گیا اورکوئی ملک عراق کی سپورٹ میں نہیں آیا بلکہ عراق کو دنیا بھرسے علیحدہ کردیا گیا۔ عراق کودنیا سے کاٹ دینے اورتنہا کردینے کے بعد عراق پر حملہ کردیا گیا، اس پر بمباری کرکے عراق کوتباہ کردیا گیا، صدام حسین کوگرفتارکرکے پھانسی دیدی گئی۔ عراق کے ہراس فرد کوجووطن پرست تھا اسے بھی صدام حسین حکومت کا ساتھی اوردہشت گرد قرار دیکر قتل کردیا گیا۔ ڈی مورالائزیشن پالیسی کے تحت عراق کے عوام پر اس قدرظلم کیا گیا تاکہ وہ مایوسی کا شکار ہوجائیں اور کوئی بھی عراق پر قبضے کے خلاف نہ اٹھ سکے اور یوں عراق پر قبضہ کرلیا گیا۔
پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کی سہ جہتی حکمت :
جس طرح انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کسی بھی قوم یاملک کے خلاف ایکشن کرنے کے لئے سہ جہتی حکمت عملی اختیارکرتی ہے اسی طرح پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بھی جس جماعت یاقوم کوکچلنااوردباناچاہتی ہے وہ اس کے خلاف بھی وہی سہ جہتی حکمت عملی اختیارکرتی ہے۔
کرمنلائزیشن(Criminalisation)
پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے چاروں صوبوں بالخصوص صوبہ پنجاب اور صوبہ KPK کے عوام کو ایم کیوایم سے بدظن کرنے کیلئے الطاف حسین اورایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کرائے،غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کے فکروفلسفے سے عوام کو دور رکھنے کیلئے ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت پٹھان مہاجر، پنجابی مہاجر فسادات کرائے، اس کے خلاف طرح طرح سے منفی پروپیگنڈہ کیا گیا، حتیٰ کہ اگرکوئی پنجابی یا پٹھان ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوتا تھا تو کہا جاتا کہ اسے ایم کیوایم والوں نے ماراہے۔ تاکہ عوام کو یہ تاثر دیا جائے کہ ایم کیوایم عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک دہشت گرد اور ملک دشمن جماعت ہے۔ اس طرح سہ جہتی حکمت عملی کی کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت ایم کیوایم کوسیاسی جماعت کے بجائے دہشت گرداورملک دشمن جماعت بنا کرپیش کیا جاتا رہا۔
آئیسولیشن:
اسٹیبلشمنٹ نے اپنی سہ جہتی حکمت عملی کے تحت ایم کیوایم کو پختونوں، پنجابیوں اوردیگرقومیتوں کا دشمن قرار دیکر اسے دوسری کمیونٹی سے علیحدہ کردیا اورجب ملک کے عوام، ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے منفی پروپیگنڈے کی حمایتی بن گئے تو19جون 1992ء کو فوج ٹینک اوربکتربند گاڑیاں لیکرکراچی اور سندھ کے شہروں میں داخل ہوگئی اورایم کیوایم کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کا آغاز کردیا گیا، جھوٹے قصے کہانیاں پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا پر نشر وشائع کرکے ایم کیوایم کا میڈیا ٹرائل کیا جاتا رہا اورملک کے عوام کو یہ بتایا جاتا رہا کہ ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ جماعت نہیں بلکہ دہشت گرد، بھتہ خور اورملک دشمن جماعت ہے اوراس کے کارکنان سیاسی ورکرنہیں بلکہ دہشت گرد ہیں۔ اس مسلسل زہریلے پروپیگنڈے کا نتیجہ یہ ہوا کہ جب ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا تو ملک بالخصوص پنجاب کے عوام خوش ہوتے تھے کہ فوج دہشت گردوں کے خلاف بہت اچھا کام کررہی ہے۔وہ فوج کے ظالمانہ اقدامات کو درست سمجھتے رہے۔ ایم کیوایم کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران مہاجراکثریتی علاقوں میں چھاپوں کے دوران فوجی اہلکار گھروں میں موجود افراد سے کہتے تھے کہ”مہاجرو! تمہیں یہاں کس نے بلایا، تم انڈین ایجنٹ ہو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی کی اولادہو، واپس بھارت جاؤ“۔
تحریک انصاف کے بانی عمران خان بھی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ان پروپیگنڈوں کا شکارہوئے،وہ بھی اسٹیبلشمنٹ کے جھوٹے الزامات کو آگے بڑھاتے رہے تاکہ عوام کو ایم کیوایم سے بدظن کیا جاسکے۔ لیکن پھر قدرت کا مکافات عمل سامنے آیا۔ جب عمران خان صاحب فوجی جرنیلوں کی سازشوں کو سمجھنے لگے اور انہوں نے امریکہ کے ناجائز مطالبات پر Absolutely not کہا توامریکہ کے کہنے پر انہیں حکومت سے محروم کردیا گیا، انہوں نے سڑکوں پرآکراحتجاج کیا تو 8، مئی 2023ء کو انہیں گرفتارکرلیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے خلاف 9، مئی کو پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہرے کیے، اس دوران کورکمانڈرہاؤس لاہور کو جلانے، شہداء کے مجسموں کو گرانے اورفوجی تنصیبات پرحملوں کے واقعات ہوئے توان واقعات کاساراالزام عمران خان پر ڈال دیاگیااوریہ کہاگیا کہ پی ٹی آئی والوں نے یہ دہشت گردی عمران خان کے اشارے پر کی ہے،جبکہ عمران خان اس وقت قید میں تھے، ان واقعات کی بنیادپر پی ٹی آئی کوایک سیاسی جماعت کے بجائے دہشت گرد ٹولہ بناکرپیش کیا گیا، ایسا کوئی الزام نہیں تھا جو PTI اوراس کے بانی عمران خان پر نہ لگایا گیا ہو، اس طرح پی ٹی آئی کو آئیسولیٹ یعنی دیگرسیاسی جماعتوں سے علیحدہ کردیا گیا، ساری جماعتیں ایک طرف اوردوسری طرح عمران خان اکیلا رہ گیا، الطاف حسین اوراس کی ایم کیوایم کے سوا ایک بھی سیاسی جماعت عمران خان کی سپورٹ میں نہیں آئی کیونکہ فوج نے الزامات لگائے تھے کہ PTI والے ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کررہے ہیں لیکن عمران خان کی گرفتاری سے آج کے دن تک ان کی حمایت میں اگرکوئی آوازاٹھی تووہ الطاف حسین کی ہی آواز ہے۔
جب 9 مئی کے واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اورکارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، گرفتاریاں کی گئیں، مطلوبہ فرد کے نہ ملنے پر گھروں میں موجود خواتین کی بے حرمتی کی گئی تو پنجاب کے لوگوں کو پتہ چلاکہ فوج کیا ظلم کرتی ہے، اسی طرح KPK کے لوگوں کو بھی پتہ چلا۔ 26، نومبر2024ء کو تحریک انصاف نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا تو اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں۔ یہی عمل آج آزاد کشمیرمیں کیا جارہا ہے، اپنے جائزمطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں کو گولیاں ماری جارہی ہیں، کشمیریوں کوان کا جائز حق کے بجائے لا شیں دی جارہی ہیں، عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو ملک دشمن اوربھارت کاایجنٹ قراردیا جارہا ہے لیکن سوائے الطاف حسین کے اورکوئی بھی کشمیریوں کے حق میں نہیں بول رہا ہے۔ آج کشمیریوں کے خلاف بھی سہ جہتی حکمت عملی کے تحت آپریشن کیاجارہاہے، انہیں بھی آئسولیٹ کیا جارہا ہے، اس پالیسی پرعمل کیا جارہا ہے کہ انہیں حقوق کے لئے آوازاٹھانے والے سیاسی کارکنوں کی طرح نہیں بلکہ دہشت گردوں جیساسلوک کرو۔
Treat them as terrorists not as political workers، انہیں بھی دہشت گرد اورملک دشمن قراردیا جارہا ہے،اس قدر منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ اگرکوئی کشمیریوں کے مخالف نہ ہوں تو وہ بھی ان کے مخالف ہوجائیں۔
ملکی یا بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی یہی Three pronged strategy ہوتی ہے کہ جس جماعت کے خلاف کوئی ایکشن کرنا ہوتواسے سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشت گرد جماعت قراردو اور ان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا ہی سلوک کرو۔اسی پالیسی کے تحت پہلے ایم کیوایم کودہشت گرد اورملک دشمن قرار دیا گیا، پھرپی ٹی آئی دہشت گرد اورملک دشمن قراردی گئی اوراب کشمیریوں کو بھی دہشت گرد اورملک دشمن قرار دیا جارہا ہے تاکہ کوئی بھی کشمیریوں کے حق میں نہ نکلے۔کسی بھی کمیونٹی کو دوسری کمیونٹی سے کاٹنے کیلئے اسی طرح کا منفی پروپیگنڈہ کیا جاتا رہا۔
افسوس کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سمجھ نہیں رہی ہے کہ دنیا کی سیاست تبدیل ہوگئی ہے، آج ڈونلڈ ٹرمپ اورنیتن یاہو الیکشن میں ہارگئے ہیں، انہیں سپورٹ کرنے والے بھی ہاررہے ہیں اور اس تبدیلی سے پاکستان میں بھی تبدیلی آئے گی۔
الطاف حسین
ٹک ٹاک پر 494 ویں فکری نشست سے خطاب
13، نومبر2026ء