آزادکشمیرکے انتخابات میں شاندارکامیابی پر مسلم لیگ کے سربراہ میاں محمدنوازشریف، مسلم لیگ کےتمام رہنماؤں ، کارکنان اورہمدردوں کو ایم کیوایم کی زبردست مبارکباد
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کا مشترکہ اجلاس، آزادکشمیرمیں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج پرتفصیلی تبادلہ ء خیال کیاگیا
مسلم لیگ کی قیادت اورکامیاب ہونیوالے نمائندے عوام کی فلاح بہبود، ان کے مسائل کے حل، اسکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں اورصحت کے مراکز کے قیام پر خصوصی توجہ دے۔ رابطہ کمیٹی
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے مسلمانوں پرڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کے خاتمےاورعلاقے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے نتیجہ خیزمذاکرات کاآغازکریں۔رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 21 جولائی 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاایک مشترکہ اجلاس جمعرات کی شب منعقدہوا جس میں آج آزادکشمیرمیں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج پر تفصیلی تبادلہ ء خیال کیاگیا۔ رابطہ کمیٹی نے آزادکشمیرکے عام انتخابات میں شاندارکامیابی پر پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ میاں محمدنوازشریف، مسلم لیگ کے تمام رہنماؤں، مجلس عاملہ کے اراکین، کارکنان اورہمدردوں کو زبردست مبارکبادپیش کی۔ رابطہ کمیٹی نے مسلم لیگ کی قیادت ، رہنماؤں اورالیکشن کامیاب ہونے والے امیدواروں سے درخواست کی کہ وہ عوام کی فلاح بہبود، ان کے مسائل کے حل، تعلیم ، پانی، بجلی،صحت کے چھوٹے مراکزکے قیام، روزگارکی فراہمی کے لئے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ صنعتوں ، اسکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں کے قیام پر خصوصی توجہ دیں۔ رابطہ کمیٹی نے مسلم لیگ کی قیادت اورحکومت سے یہ بھی کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے مسلمانوں پرڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کے خاتمے اورعلاقے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے نتیجہ خیزمذاکرات کاآغازکریں تاکہ وسط ایشیا ریجن کاپوراخطہ امن کاگہوارہ بن سکے اوریہاں کے عوام امن وسکون سے زندگی بسرکرسکیں۔