معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنابند کی جائے، الطاف حسین
لندن……29 جولائی 2026ء
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیرمیں اپنے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر پولیس اورسیکوریٹی فورسزکی جانب سے وحشیانہ فائرنگ اوردرجنوں کشمیریوں کے شہیدوزخمی ہونے کے واقعات دلخراش ہیں۔ معصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جاری ہے۔ایساظلم توانڈیامیں گزشتہ دنوں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ بھارت کی پولیس اورسیکوریٹی فورسز نے نہیں کیا، اگر موازنہ کریں تو پاکستان نے اپنے کشمیریوں پر بڑا ظلم کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات کشمیرکی سنگین صورتحال پرسوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ہنگامی خطاب میں کہی۔ شرکاء میں کشمیریوں بھی شریک تھے۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ مظلوم کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے لئے گزشتہ کئی دنوں سے پرامن احتجاج کررہے ہیں لیکن ان کے مطالبات پر توجہ دینے کے بجائے حکومت پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کو طاقت سے کچلا جارہاہے،ان پر گولیاں برسائی جارہی ہیں، اب تک سینکڑوں کشمیری شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔ آج بھی راولاکوٹ،میرپوراوردیگرعلاقوں میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کشمیری عوام نے پرامن مظاہرے کئے تھے لیکن نہتے کشمیریوں پر پولیس اورسیکوریٹی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی، ہرشہرمیں سڑکوں پرلاشیں اورزخمی پڑے رہے، بہت سی لاشوں اورزخمیوں کو بھی سیکوریٹی فورسز اٹھاکرلے گئیں، سیکوریٹی فورسز نے اسپتالوں پر بھی قبضہ کرلیااورزخمیوں کوعلاج کرانے نہیں دیا گیا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ دنوں انڈیا میں طلبہ نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنادیاتھا جوکئی روز تک جاری رہا، پولیس نے طلبہ پر لاٹھی چارج ضرور کیاتھالیکن گولیاں نہیں چلائیں تھیں، طلبہ احتجاج کرتے رہے اوربالآخر بھارت کی حکومت نے ان کے مطالبات مان لئے لیکن کشمیرمیں اپنے مطالبات کے لئے دھرنادینے والے اورپرامن احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پرپاکستان کی سیکوریٹی فورسز نے جس طرح اندھادھند گولیاں چلائی ہیں اوربے گناہ کشمیریوں کوخون میں نہلایاہے،اگراس کاموازنہ انڈیا میں ہونے والے احتجاج پر وہاں کی پولیس اورسیکوریٹی فورسز نے مظاہرین نے جوایکشن کیاتھا،اس سے کیاجائے تویہی بات سامنے آتی ہے کہ بڑاظلم پاکستان کی سیکوریٹی فورسز نے کشمیریوں کے ساتھ کیاہے۔ ایساظلم دنیامیں کسی بھی جمہوری ملک میں دیکھنے میں نہیں آتا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے حکمرانوں اورریاستی اداروں نے 79سال تک کشمیریوں کے نام پر دنیابھر سے اربوں کھربوں ڈالروصول کئے، ”کشمیربنے گاپاکستان“ کے نعرے پر کشمیریوں کوبیوقوف بنایا اورآج جب کشمیری ا پنے حقوق مانگ رہے ہیں توانہیں ان کے حقوق دینے کے بجائے انہیں گولیاں ماری جارہی ہیں۔ کشمیرکی خوبصورت وادی میں نہتے کشمیریوں کے خون سے جس طرح ہولی کھیلی جارہی ہے۔ کیاکشمیریوں کاخون بہاکرپاکستان کوقائم رکھاجاسکتاہے؟ کیا اس طرح کشمیریوں کی آواز کودبایا جاسکتا ہے؟
جناب الطاف حسین نے کہاکہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کودنیاسے چھپانے کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے الیکٹرانک میڈیاکوہدایت کردی گئی کہ وہ اس حوالے سے کوئی خبرنہ دیں،انٹرنیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا پرجو وڈیوز اور تصاویرسامنے آئی ہیں انہیں دیکھ کردل خون کے آنسو ر وتاہے۔میں حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ خدارامعصوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنابند کی جائے، وہاں مظالم بند کئے جائیں۔ کشمیریوں کو ان کاحق دیاجائے۔
میں پولیس اورسیکوریٹی فورسز کی وحشیانہ فائرنگ سے شہید ہونے والے معصوم کشمیریوں کوخراج عقید ت پیش کرتاہوں، ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتاہوں اورانہیں یقین دلاتاہوں کہ الطاف حسین اوراس کی ایم کیوایم آپ کے غم میں برابرکی شریک ہے۔