امریکہ کے شہرڈیلاس میں ہونیوالی ایک تقریب میں مہاجر دشمن پروپیگنڈے اور قائدِ تحریک الطاف حسین کی کردارکشی پر ا یم کیوایم کاشدیداحتجاج
قونصلیٹ جنرل کی موجودگی میں ہونیوالی اس کردارکشی پر اوورسیز پاکستانی بھی سراپا احتجاج
تقریب کے شرکاء نے بھی اسے غلط اور انتہائی غیرمناسب قرار دیااور اپنی ناپسندیدگی کااظہارکیا
یہ عمل کوکھلی مہاجر دشمنی اور مہاجروں اوران کی نمائندہ جماعت سے نفرت کی تازہ مثال ہے
ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر ریحان عبادت، رکن رابطہ کمیٹی سید عاطف شمیم، آرگنائزر امریکہ مطلوب زیدی اور جوائنٹ آرگنائزر یوسف سعیدکاہنگامی وڈیوبریفنگ میں شدیداظہارمذمت
لندن ۔۔ 25 مئی 2025
مورخہ 23مئی 2025ء کو امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں نام نہاد کمیونٹی رہنماں کے زیرِاہتمام "یومِ تشکر" کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل آفتاب چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ اس تقریب کو بظاہر کمیونٹی کے اتحاد و اتفاق کے مظاہرے کے طور پر پیش کیا گیا مگر اس کا اصل مقصد مہاجر قوم اور ان کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم کے خلاف نفرت انگیز اور گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنا تھا۔ تقریب کے اختتام پربلوچستان کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں دیگرمواد کے ساتھ ساتھ کروڑوں مہاجروں کے متفقہ قائد، مظلوموں کی آواز اور بانی و رہبرِ تحریک جناب الطاف حسین کے بارے میں جھوٹ اورتعصب پر مبنی شرانگیز مواد بھی دکھایا گیا جس کے ذریعے جناب الطاف حسین اور ان کی جماعت کو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کا ایجنٹ قرار دینے کی شرمناک کوشش کی گئی۔جس کودیکھ کر تقریب کے بعض شرکاء نے بھی غلط اور انتہائی غیرمناسب قرار دیااوراس پر منتظمین سے اپنی ناپسندیدگی کااظہاربھی کیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اس اقدام کی شدیدمذمت کی ہے او راسے کروڑوں مہاجروں سمیت تمام مظلوم قوموں کے ہردلعزیزرہنما کی کردارکشی اوران کے تمام چاہنے والوں کی توہین قراردیا ہے۔ایم کیو ایم امریکہ نے آج اپنی ہنگامی وڈیو بریفنگ میں اس گھناؤنی حرکت پرشدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ اس وڈیو بریفنگ میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ریحان عبادت، رکن رابطہ کمیٹی سید عاطف شمیم، سینٹرل آرگنائزر امریکہ مطلوب زیدی اور جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر یوسف سعید نے شرکت کی۔ انہوں نے اس عمل کوکھلی مہاجر دشمنی اور مہاجروںاوران کی نمائندہ جماعت سے نفرت اورغیر منصفانہ رویے کی تازہ مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ یہ شرانگیز اقدام نہ صرف پاکستان بنانے والے مہاجروں کی توہین ہے بلکہ امریکہ میں موجود اوورسیز پاکستانی کمیونٹی بالخصوص مہاجروں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ اس شرمناک وڈیوکو پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کی موجودگی اوران کی خاموش تائید میں دکھایا گیا یعنی یہ سب کچھ اتفاقیہ یا انفرادی فعل کے بجائے ایک طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ یہ وہی متعصب عناصر ہیں جنہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی ہمشیرہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح جیسی عظیم المرتبت شخصیت کو بھی "را" کا ایجنٹ قرار دے دیاتھا ۔ اور آج بھی اپنے تعصب اور نفرت انگیز طرزِ عمل کے ذریعے پاکستان کی بقا، سا لمیت اور قومی یکجہتی کے خلاف سرگرمِ عمل ہیں۔
رابطہ کمیٹی کے ارکان ریحان عبادت، سید عاطف شمیم، سینٹرل آرگنائزر امریکہ مطلوب زیدی اور جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر یوسف سعید نے کہاکہ قائدتحریک جناب الطاف حسین تو "قومی یکجہتی" اور "Truth and Reconciliation" یعنی سچائی اور مصالحت کا پیغام دے رہے ہیں تاکہ قوم ماضی کی غلطیوں سے سیکھے اور متحد ہوکرآگے بڑھے لیکن حکومت پاکستان اوراس کے نمائندے دیارغیرمیں بھی اپنے منصب کا استعمال کرکے نفرتیں پھیلانے، مہاجروں کو بدنام کرنے اور قومی یکجہتی کی کوششوں کوسبوتاژ کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے اور متعصبانہ اور نفرت انگیز عمل پر قونصل جنرل آفتاب چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بیرونِ ملک تعینات ریاستی نمائندے اپنے منصب کو نسلی تعصبات یا مخصوص بیانئے کی ترویج کے لیے استعمال کرنے سے باز رہیں اور کمیونٹی میں اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے اصولوں پر کاربند رہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ امریکہ نے کہاکہ وہ اپنے قائد جناب الطاف حسین بھائی کے خلاف ہر جھوٹے الزام، شرمناک پروپیگنڈے اور نفرت وتعصب پر مبنی اقدامات کویکسرمستردکرتی ہے اوروہ ایسے بیہودہ الزامات اورپروپیگنڈوں کا منہ توڑ جواب دیتی رہے گی اور مہاجر قوم کی سچائی، وقار اور قربانیوں کا دفاع ہر محاذ پر کرتی رہے گی۔