متحدہ قومی موومنٹ کا36 واں یوم تاسیس''یوم عزم وعمل'' کے طورپر دنیا بھرمیں تنظیمی جوش وخروش سے منایاجائے گا
مرکزی اجتماع بروز ہفتہ 21 مارچ2020ء کو لندن کے مقامی ہال میں منعقد ہوگا قائد تحریک الطاف حسین خطاب کریں گے
اجتماع میں مختلف ممالک میں مقیم دانشوروں، قوم پرست رہنماؤں، بلاگرزاور ہیومن رائٹس ایکٹویسٹ کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع
امریکہ ، کینیڈا،جرمنی،آسٹریلیا، فرانس، بیلجئم،ناروے، ساؤتھ افریقہ اورخلیجی ممالک کے ذمہ داران اور کارکنان بھی شرکت کریں گے
ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران اورکارکنان نے بھرپورانداز میں تیاریاں شروع کردیں
یوم تاسیس کی تقریب کو مربوط اور منظم بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل پر مشاورت کا عمل بھی جاری ہے
36 ویں یوم تاسیس کوتاریخ ساز بنانے کیلئے ماضی کی طرح اپنا بھرپورکردار ادا کریں، کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان
ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران وکارکنان کے اجلاس سے کی گفتگو
متحدہ قومی موومنٹ کا36 واں یوم تاسیس18، مارچ کو''یوم عزم وعمل'' کے طورپر پاکستان سمیت دنیا بھرمیں تنظیمی جوش وخروش سے منایاجائے گا اور دنیا بھر میں یوم تاسیس کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ یوم تاسیس کامرکزی اجتماع بروز ہفتہ 21 مارچ2020ء کو لندن کے مقامی ہال میں منعقد ہوگا جس سے بانی وقائد تحریک جناب الطاف حسین خطاب کریں گے۔
اجتماع میں دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم دانشوروں، قوم پرست رہنماؤں، بلاگرزاور ہیومن رائٹس ایکٹویسٹ کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے جبکہ اجتماع میں ایم کیوایم برطانیہ کے تمام یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدرد اور انکے اہل خانہ شرکت کریں گے ۔ یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع میں امریکہ ، کینیڈا،جرمنی،آسٹریلیا، فرانس، بیلجئم،ناروے، ساؤتھ افریقہ اورخلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان بھی شرکت کریں گے ۔36ویں یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع کے دعوت نامے تیار کیے جاچکے ہیں جن کی تقسیم جلد ہی شروع کردی جائے گی ۔ یوم تاسیس کے انعقاد کے سلسلے میں ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران اورکارکنان نے بھرپورانداز میں تیاریاں شروع کردی ہیں ، اس ضمن میں مختلف یونٹوں میں اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں اور یوم تاسیس کی تقریب کو مربوط اور منظم بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل پر مشاورت کا عمل بھی جاری ہے ۔
اس سلسلے میںگزشتہ روز ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ایم کیوایم برطانیہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور یونٹوں کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا جس سے رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے گفتگو کی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر ندیم احسان نے تمام ذمہ داران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ 36 ویں یوم تاسیس کوتاریخ ساز بنانے کیلئے بھی ماضی کی طرح اپنا بھرپورکردار ادا کریں اور یوم تاسیس کے اخراجات کیلئے بھرپورمالی تعاون بھی کریں ۔
اس موقع پر ایم کیوایم برطانیہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ،یونٹ کمیٹیوںکے اراکین اور کارکنان نے یقین دلایاکہ وہ ماضی کی طرح اس سال بھی ایم کیوایم کے 36 ویں یوم تاسیس کی تقریب کو عظیم الشان اور تاریخ ساز بنانے کیلئے بھرپورکردار اداکریں گے ، اس سلسلے میں ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوںسے رابطوں کاسلسلہ جاری ہے اور انشاء اللہ 36 واں یوم تاسیس تاریخ ساز ثابت ہوگا۔
٭٭٭٭٭