یوم شہدا کے موقع پر ایم کیوایم امریکہ کی جانب سے خصوصی ترا نہ ”شہیدوں کی یادیں، شہیدوں کے غم“ کااجرا
ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کاشہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ترانے کے اجرا پرایم کیوایم امریکہ کوزبردست خراج تحسین
8دسمبر 2025ء
یوم شہداکے موقع پرتحریک کے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایم کیوایم امریکہ کی جانب سے ایک خصوصی ترا نہ ”شہیدوں کی یادیں، شہیدوں کے غم“تیارکیا گیا ہے۔ اس خوبصورت ترانے کا اجرا اتوارکی شب ٹک ٹاک پر ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کی لائیو فکری نشست کے دوران کیاگیا۔
اس ترانے کو مرزا اکبرا ورشاہ تیموری نے گایا ہے اورانہوں نے ہی اس کی کمپوزیشن کی ہے۔ بوس ساؤنڈ پروڈکشن کے زیراہتمام تیار کئے جانے والے اس خوبصورت ترانے کی ایڈیٹنگ اعجازحسین اورامتیاز حسین نے کی ہے۔ شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہ خوبصورت ترانہ ممتاز تحریکی شاعر ناصر انجم نے لکھا ہے۔ ترانے کی وڈیو میں یادگارشہدا، تحریک کے شہیدوں اوران کے لواحقین کی تصویریں شامل کی گئی ہیں۔
جناب الطاف حسین نے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہ خصوصی ترانہ جا ری کرنے پر ایم کیوایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر محب خان، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان شعیب علی خان اور عدنان قریشی کے ساتھ ساتھ رکن رابطہ کمیٹی مطلوب زیدی اورکاشف زیدی کوشاباش پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شہیدوں اوران کی قربانیوں کویادرکھنا بڑی عظمت کی بات ہے۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ایم کیوایم امریکہ کے ساتھیوں کواس خوبصورت کاوش کوقبول فرمائے اورجن ساتھیوں نے اس کاوش میں حصہ ڈالاہے، اللہ تعالیٰ ایک ایک ساتھی کو اس کااجرعظیم عطافرمائے۔ جناب الطاف حسین نے ترانے کے شاعر، اس کے گلوکاروں،کمپوزنگ،ایڈیٹنگ اوراس کی تیاری میں حصہ لینے والے تمام افرادکودل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ راہ حق میں اپنی جانوں کی قربانی دینے والے شہیدوں کی قربانیوں کوقبول فرمائے اورانہیں اپنی جواررحمت میں جگہ دے۔