رحمت اللعالمین حضرت محمدمصطفی ﷺ
کا یوم ِ ولادت مبارک ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں جشن عیدمیلاد النبی (ص)کے موقع پرپاکستان سمیت دنیا بھرکے مسلمانوں اورتمام انسانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا ہے '' ورفعنالک ذکرک'' یعنی اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب سرکاردوعالم (ص) کا ذکر بلند کردیا ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت نبی کریم (ص) کا ذکرپست نہیں کرسکتی ۔
سرکارِ دوعالم نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی (ص) وجہ تخلیق کائنات ہیں اور اللہ تعالیٰ نے آپ (ص) کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا ہے ۔ حضوراکرم (ص) کی رحمتوں کی بارش اور سیرت طیبہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیاکے تمام انسانوں کے لئے ہے، حضوراکرم (ص) کاخطبہ حجة الوداع تمام عالم کیلئے ضابطہ حیات اور مشعل ِ راہ ہے جس میں انسانوں کے درمیان ہرقسم کی تفریق کی نفی کی گئی ہے۔
نبی کریم (ص) نے معاشرے میں انصاف کے نظام کے قیام، ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے ،حقوق العبادکی ادائیگی ، خلق خدا کی خدمت ، انسانوں کے درمیان رنگ ، نسل ، ذات پات ،زبان اور مذہب سمیت ہرقسم کی تفریق کے خاتمے ، والدین ، بزرگوں اور خواتین کے احترام ،حصول ِ علم ، سچ بولنے اور امانت میں خیانت نہ کرنے کا درس دیا ہے ۔
رحمت اللعالمین حضرت محمدمصطفی (ص)سے سچی عقیدت ومحبت کاتقاضا ہے کہ آپ (ص) کی تعلیمات اوراسوہء حسنہ پر عمل کیاجائے اور مذہب کی بنیادپر دوسرے انسانوں سے نفرت کے بجائےاحترام ِانسانیت کی سوچ کوفروغ دیا جائے ۔
الطاف حسین