Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

ہر عاشق رسول کی سوچ یہ ہے کہ محفل ذکر مصطفے ﷺ کے مقدس لمحے اور راستے میں موت آجائے تو یہ سودا بہت اچھا ہے، سینٹر مولاناتنویر الحق تھانوی


ہر عاشق رسول کی سوچ یہ ہے کہ محفل ذکر مصطفے ﷺ کے مقدس لمحے اور راستے میں موت آجائے تو یہ سودا بہت اچھا ہے، سینٹر مولاناتنویر الحق تھانوی
 Posted on: 1/25/2015
ہر عاشق رسول کی سوچ یہ ہے کہ محفل ذکر مصطفے ﷺ کے مقدس لمحے اور راستے میں موت آجائے تو یہ سودا بہت اچھا ہے، سینٹر مولاناتنویر الحق تھانوی 
مسلمان کا طرہ امتیاز لا الہ الا اللہ نہیں ہے بلکہ مسلمان کی شناخت محمد الرسول اللہ ہے، علامہ عباس کمیلی 
ہمارے نبی محمد ﷺ کا سایہ رب نے نہیں بنایا تو خاکہ کون بنا سکتا ہے ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور 
درود و سلام پڑھنے والوں کو آپس میں باعث سلامتی اور رحمت بننا ہے، ڈاکٹر عامر عبد اللہ محمدی 
جناب الطاف حسین کے علاوہ کسی لیڈر میں اتنی جرات پیدا نہیں ہوئی کہ وہ یہ کہے کہ قائد اعظم ؒ اثناء عشری شیعہ تھے ، علامہ عون محمد نقوی 
روح عرض پر ایک عرصہ ایسا نہیں گزرتا کہ جب سرور کونین کا ذکر نہ کیاجائے، علامہ فیصل عزیزی بندگی 
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقد ہ پرنور اور روح پرور محفل ذکر مصطفے ﷺ کے شرکاء سے علمائے کرام کا خطاب 
کراچی ۔۔۔25، جنوری 2015ء 
مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے کہا ہے کہ توحید پر مسلم کی اجارہ داری نہیں ہے عیسائی اور یہودی بھی توحید کو مانتے ہیں، مسلمان کا طرہ امتیاز لا الہ الا اللہ نہیں ہے بلکہ مسلمان کی شناخت محمد الرسول اللہ ہے،اگر اللہ تعالیٰ کا آپ ﷺ کو دنیا میں بھیجنا مقصود نہ ہوتا تو اللہ تعالیٰ کائنات کو بھی نہیں بناتا ، ہمارے نبی محمد ﷺ کا سایہ رب نے نہیں بنایا تو خاکہ کون بنا سکتا ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیرا ہتمام منعقد ہونے والی عظیم الشان محفل ذکر مصطفےﷺمیں سیرت طیبہ ؐ پرروشنی ڈالتے ہوئے کیا ۔ محفل ذکر مصطفے ﷺ میں ممتاز عالم دین و حق پرست سینیٹر مولانا تنویرالحق تھانوی ، معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور ، ڈاکٹر عامر عبد اللہ محمدی ، علامہ عون محمد نقوی اور علامہ فیصل عزیزی بندگی نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جبکہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے انچارج قمر منصور نے علمائے کرام ، نعت خواں حضرات اور محفل ذکر مصطفے ﷺ کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے محفل ذکر مصطفے ؐ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس مبارک محفل اور مقدس لمحات میں آج رات ہم یہاں جمع ہیں وہ ہمارا ایمان ہے ،ایک مومن اور سرکار دو عالم ﷺ کے عاشق کے جذبات کو سمجھنے کی ضرورت ہے ہر عاشقِ رسولﷺ کی سوچ یہ ہے کہ محفل ذکر مصطفے ﷺ کے مقدس لمحے اور راستے میں موت آجائے تو یہ سودا بہت اچھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ دنیا میں تشریف لائے تو کائنات کے ذرّے ذرّے نے خوشی منائی اگر اللہ تعالیٰ کا آپ ﷺ کو دنیا میں بھیجنا مقصود نہ ہوتا تو اللہ تعالیٰ کائنات کو بھی نہیں بناتا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ دنیا میں میرے آنے کااولین مقصد یہ ہے کہ میں تمہارے اخلاق ، سیر ت و کردار کو بہتر کردوں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی بہنیں اور بچیاں مسائل اور پریشانیوں کا شکار ہیں ،حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے ہمیں مشکل میں نہیں ڈالا بلکہ ہم نے خود اپنے آپ کو پریشانیوں میں ڈال دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا کہ تم اپنے سے کم حیثیت والوں کو دیکھو تو اس عمل سے تمہارے دل میں شکر پیدا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ذکر مصطفے ؐ کی محفل جناب الطاف حسین اور ان کے والدین کیلئے صدقہ جاریہ ہے اور جناب الطا ف حسین کے عشق رسوؐل کی دلیل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر آج ہمارے معاشرے میں جتنا ظلم کیاجارہاہے اس کے خلاف سینیٹ میں آواز اٹھاؤں گا ۔ معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ ہمارے لئے بہترین نمونہ اور رول ماڈل رسول اللہ ﷺ کی ذات گرامی ہے ،جب ہمارے لئے بہترین نمونہ رسول ﷺ کی ذات گرامی ہے تو وہ کیسا مسلمان ہے جو رسول ؐسے منہ موڑ کر ادھر ادھر بھٹکتا ہے، جو رسول ﷺ سے منہ موڑ کر جانے والے جاتے جاتے جہنم کے کنارے تک پہنچ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ توحید پر مسلم کی اجارہ داری نہیں ہے عیسائی اوریہودی بھی توحید کو مانتا ہے ، مسلمان کا طرہ امتیاز لا الہ الا اللہ نہیں ہے بلکہ مسلمان کی شناخت محمد الرسول اللہ ہے، محمد الر سول اللہ کہنے سے مسلمان مسلمان ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کا نعرہ کب اور کیسے لگا میری سمجھ میں نہیں آیا ، کسی نے مجمع میں لگا دیا تھا یاقائد عظم نے کہا تھا کہ لا الہ الااللہ پاکستان کا مطلب ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا دیگر مسلم ممالک میں لاالہ الا اللہ نہیں ہے؟ بنگلہ دیش ہم سے الگ ہوگیا ، اگر پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ تھا تو بنگلہ دیش اور اردن کا مطلب کیا ہے ؟ پاکستان کا اصل مطلب تھا محمد الرسول اللہ اور تمام فرقے اور مکاتب محمد الرسول اللہ کہہ رہے ہیں اور یہ کہنے والے ایک امت ہے اورجس کے خلاف ایک طبقہ سازش کررہا ہے اور ایک امت کو کئی امتوں میں بانٹ دینا چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کا آخری خطبہ ہمارا آئین اور اصول ہے ، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نفرتوں کو ختم کرکے امت کومسلمہ بنا یاجائے۔انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین نے عظیم الشان محفل ذکر مصطفی ؐ سجائی ہے اور میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ پورے ملک میں ایسی محفل نہیں ہوئی جیسی آج ہورہی ہے یہ محفل اس لئے شاندار ہورہی ہے کہ یہ محفل خلوص سے کی جارہی ہے اور اس محفل میں کوئی اور گفتگو نہیں ہوئی ہے ، کوئی سیاست نہیں ہوئی ہے اور یہ خالصتاً ذکر مصطفی ؐ کی محفل ہے اس لئے اس میں برکت ہے۔ علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور نے کہا کہ اس بابرکت محفل ﷺ سے گیارہویں اور بارہویں کا اجر بھی مل رہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہر گھڑی ، ساعت ، لمحہ بعد میں آتا ہے ، وقت بعد میں شروع ہوتا ہے آنے والی ہر گھڑی سے پہلے اللہ تعالیٰ پیارے نبی ﷺ کو نئی شان اور مقام عطا فرما دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی ﷺ کے ذکر کو بلند رکھا ہے اور اللہ تعالیٰ احسان و نعمت والا کہہ کر ، نبیوں کی قیادت کرنے والا کہہ کر ، نبیوں کا امام کہہ کر، عظمت والا،برکت والا کہہ کر نبی ﷺ کی شان کوبیان کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو قدم مصطفی ﷺ کے ساتھ لگ گیا ہے وہ قیامت تک اجر پاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سب کیلئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انہیں علم قلیل عطا کیا ہے اور آمنہ کے لال حضرت محمد مصطفی ﷺ کو علم کثیر عطا فرمایا ۔انہوں نے کہاکہ نائن زیرو سے پیغام دیاجارہا ہے کہ وہ لوگ جو خاکے بنا رہے ہیں وہ کسی مذمم کے بنا رہے ہیں ہمارے نبی محمد ﷺ ہیں جن کا سایہ رب نے نہیں بنایا تو ان کاخاکہ کون ملعون بنا سکتا ہے ؟ڈاکٹر عامر عبد اللہ محمد ی نے کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ منتشر امت کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نام پر اکٹھا کیاجائے ، کسی کا کوئی نظریہ اور خیال ہو لیکن یاد رکھئے ہر خیال اور نظریئے سے اعلیٰ اور ہر بات سے بلند ورافعنا لک ذکر ک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ پڑھنے والوں کو اپنے اخلا ق سدھارنے ہوں گے جبکہ درود و سلام پڑھنے والوں کو نہ صرف آپس میں باعث سلامتی و رحمت بننا ہے بلکہ پوری دنیا کو بھی اس بات کا درس دینا ہے ۔ علامہ عون محمد نقوی نے کہاکہ ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو کم وسائل رکھنے کے باوجود ہر سال تاریخی ، عظیم الشان جشن ذکر مصطفی ﷺ کی محفل سجاتی ہے کسی اور سیاسی پارٹی کو یہ توفیق حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین آواز حق بلند کرنے والے دنیا میں واحد لیڈر ہیں ، 60سال گزر گئے لیکن کسی سیاستدان نے یہ بات نہیں کہی کہ قائد اعظم اثناء عشری شیعہ تھے ، کسی میں اتنی جرات نہیں تھی کہ وہ گلگت بلتستان میں شہید ہونے والوں کیلئے آواز بلند کریں ، جنا ب الطاف حسین کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ ہر مسئلے پر حق پرستی کا علم بلند کرتے ہیں ۔علامہ عزیز بندگی نے کہا کہمتحدہ قومی موومنٹ حاصل کرتی ہے کہ اس کے تحت ہر سال مختلف مکاتب فکر کے افراد جمع ہوکر مشترکہ طور پر ذکر مصطفی ﷺ بیان کرتے ہیں ، سنتے ہیں اور یقیناًیہی پاکستان کا اصل چہرہ ہے جو آج یہاں نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرور کونین ﷺکا ذکر بلند کرنے والارب ذو الجلال ہے اور روح عرض پر ایک عرصہ ایسا نہیں گزرتا کہ جب سرور کونین کا ذکر نہ کیاجائے۔ آخر میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے انچارج قمر منصور نے کہا کہ عاشقان رسول ﷺنے محفل ذکر مصطفےٰ میں شرکت کرکے اس کی شان بڑھائی ہے ، یہ محفل نبی ﷺ کی محفل ہے اور اسے نبی کریم ﷺ نے ہی کامیاب کرایا ہے ۔انہوں نے رابطہ کمیٹی کی جانب سے علمائے کرام ، نعت خواں ، قوال حضرات سمیت تمام شرکاء ایم کیوایم کے شعبہ جات کے اراکین ، سیکٹر ویونٹ کے ذمہ داران و کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محفل ذکر مصطفے ﷺ فقیدا لمثال طریقے سے منعقد ہوئی ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ہے ۔ 

4/23/2024 9:08:59 AM