اقوام متحدہ مظلوم فلسطینیوں سمیت تمام کمزور قوموں پر ہونے والے تشددکے سلسلے کوبند کروائے
پاکستان میں مہاجر، بلوچ، پشتون، کشمیری ، سندھی، سرائیکی ، گلگتی ، بلتستانی اوردیگرقومیں بھی ریاستی تشدد کا نشانہ بنائی جارہی ہیں
تشددکانشانہ بننے والوں کے عالمی دن کے موقع پر بیان
آج دنیا بھر میں تشددکانشانہ بننے والوں کاعالمی دن منایاجارہاہے۔ تشدد کسی بھی شکل میں ہو،کسی بھی ملک کی جانب سے کسی بھی کمزورملک، کسی قوم یاطبقہ کے خلاف ہووہ انتہائی قابل مذمت ہے اور انسانیت پریقین رکھنے والے ہرملک اورہر فردکواس کی بھرپورمذمت کرنی چاہیے۔ دنیاکے مختلف ممالک اور خطوں میں کئی اقوام تشدد کا نشانہ بنائی جارہی ہیں۔ اسی طرح گزشتہ کئی دہائیوں سے مظلوم فلسطینی عوام اسرائیلی جارحیت کا شکارہیں۔ خصوصاً گزشتہ دوسالوں سے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ کھنڈربن چکاہے اوریہ بربریت کاسلسلہ تاحال جاری ہے ۔
اسی طرح پاکستان میں بھی اپنے جائز حقوق کی جدوجہد کرنے والی مہاجر، بلوچ، پشتون، کشمیری ، سندھی، سرائیکی ، گلگتی ، بلتستانی اوردیگرقومیں بھی فوج اورپیراملٹری فورسز اورریاستی ایجنسیوں کی جانب سے ریاستی تشددکانشانہ بنائی جارہی ہیں، مظلوم بلوچوں کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں، قبائلی علاقوں میں پشتونوں پر ڈرون سے حملے کئے جارہے ہیں،کراچی اورسندھ کے دیگر شہری علاقوں میں ہزاروں مہاجرنوجوانوں کوماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے، اب بھی انہیں پکڑ پکڑ کرجبری لاپتہ کیاجارہاہے،اس ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کی پاداش میں میری تحریر تقریر پر غیرقانونی وغیرآئینی پابندی ہے، کروڑوںمہاجروں اوردیگرمظلوم قوموں کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروکوseal کرنے کے بعد اسے آگ لگادی گئی اورپھربلڈوز کردیا گیا، ایم کیوایم پر پابندی لگاکراسے ریاستی تشدد کانشانہ بنایاجارہاہے۔ ایم کیوایم کے متعددکارکنان برسوں سے لاپتہ ہیں اوران کے اہل خانہ آج بھی اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے فریادیں کررہے ہیں۔
میں تشدد کا نشانہ بننے والوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ سے اپیل کرتاہوں کہ وہ فلسطینیوں سمیت تمام کمزور قوموں پر ہونے والے اس تشدد کے سلسلے کوبندکروائیں اورمظلوموں کوانصاف دلوائیں۔