’’ فری کراچی مہم ‘‘ سے ایم کیوایم کاکوئی تعلق نہیں ہے ۔رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
فری کراچی مہم ندیم نصرت کا ذاتی وانفرادی عمل ہے جو پارٹی پالیسی اورنظم وضبط کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ رابطہ کمیٹی
پارٹی پالیسی اورنظم وضبط کی خلاف ورزی پر ندیم نصرت کوتنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیاہے ۔ رابطہ کمیٹی
بانی وقائدتحریک اوربابائے مہاجرقوم الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے
لندن ۔۔۔ 9 فروری 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک اہم بیان میں ایک مرتبہ پھرواضح الفاظ میں کہاہے کہ امریکہ میں چلائی جانے والی ’’ فری کراچی مہم ‘‘ سے ایم کیوایم کاکوئی تعلق نہیں ہے ۔ فری کراچی مہم ندیم نصرت کاانفرادی وذاتی عمل ہے جوانہوں نے ازخودشروع کی ہے اورجوکہ پارٹی کے نظم وضبط اور پالیسی کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پارٹی پالیسی کی اس خلاف ورزی پر ندیم نصرت کورابطہ کمیٹی کے کنوینرکی ذمہ داری سے سبکدوش کردیاگیاتھا لیکن پارٹی کی جانب سے فری کراچی مہم کے بارے میں وضاحتی اورتردیدی بیان کے باوجود انہوں نے فری کراچی مہم جاری رکھی ۔چنانچہ اس خلاف ورزی پر رابطہ کمیٹی نے ندیم نصرت کوتنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان وذمہ داران کوہدایت کی ہے کہ وہ ندیم نصرت سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہ رکھیں اورنظم وضبط کی سختی سے پابندی کریں۔جن کارکنان وذمہ داران کے بارے میں ندیم نصرت سے رابطہ کی اطلاع رابطہ کمیٹی کوموصول ہوئی توان کے خلاف بھی تنظیمی اصول وضوابط اورتنظیمی آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔
دریں اثناء بانی وقائدتحریک اوربابائے مہاجرقوم جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔
*****