اتوار 21 ربیع الاوّل 1439ھ 10 دسمبر2017ء
ایم کیو ایم لندن کی یادگار شہداء جانے کی کوشش ناکام، کئی گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ لندن کی جانب سے ہفتہ کو یوم شہدا کے موقع پر یادگار شہداء جانے والے مرد و خواتین اور نوجوانوں کو پولیس نے جانے سے روک دیا جبکہ شہداء قبرستان بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ خواتین اور نوجوانوں سمیت کئی گرفتار کیے گئے۔ اس موقع پر وہاں جمع ہونے والے مرد اور خواتین کار کنوں نے بانی کے حق میں نعرے لگائے، ہفتے کو ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں، حامیوں اور پولیس کے درمیان دن بھر آنکھ مچولی ہوتی رہی، پولیس نے شہدائے یادگارحاضری دینے کیلئے جانے والوں کو روکنے کے لیے لیاقت علی خان چوک المعروف مکاچوک اور اس کے اطراف تمام گلیوں اور سڑکوں کو بڑی بسوں کے ذریعے رکاوٹ کھڑی کرکے بندکردیا تھا گلشن شمیم سے عائشہ منزل ،عائشہ منزل سے گلشن شمیم جانے والی دوطرف کی سڑکیں بند کردی تھیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا جبکہ عزیزآباد قبرستان جانے والوں کو بھی وہاں جانے نہیں دیا گیا۔عائشہ منزل اور اس کے اطراف تمام دوکانیں ، کاروباری مراکز بند تھے اور پیدل جانے والوں کو بھی ان کے گھروں کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ اس حوالے سے یادگار شہداء اور اطراف میں 500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے ہیں۔یادگار شہداء کے باہر پولیس کی واٹر کینن بھی موجود تھی۔دریں اثناء ہفتہ کو ایم کیوایم لندن کی جانب سے یوم شہداءکے موقع پر شہداءکی قبروں پر حاضری اورفاتحہ خوانی کے اعلان پر پولیس کی بھاری نفری نے پکاقلعہ و ملحقہ سڑکوں پر رکاوٹیں اورخاردارتاریں لگاکر راستے بند کردیئے اورپولیس کی بھاری نفری پکا قلعہ گیٹ‘ اندرونی سڑک پرتعینات رہی‘ اس دوران لندن گروپ کی5خواتین بچوں کے ہمراہ شہداءقبرستان جانے کے لئے پکاقلعہ چوک پہنچیں توپولیس کی بھاری نفری نے انہیں روک دیاجس پر خواتین نے نعرے لگاتے ہوئے دھرنادیکر بیٹھنے کی کوشش کی تو پولیس نے سڑک پر بچھائی جانے والی چادر چھین لی،اس دوران پکاقلعہ چوک پر واقع دکانیں بھی بندہوگئیں ۔
https://jang.com.pk/print/416406-todays-print