مردم شماری میں کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کم کرنے ، ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیوں اورریاستی مظالم کے خلاف لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے ایم کیوایم کا احتجاجی مظاہرہ
احتجاجی مظاہرے میں اراکین رابطہ کمیٹی اوردیگر ذمہ داران او کارکنوں،بزرگوں،خواتین اوربچوں کی شرکت
مظاہرین کی جانب سے " We rejects Census " We want justice " " Stop killing Mohajirs" کے نعر ے
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے ٹیلیفون پر مظاہرین سے خطاب کیا
ایم کیوایم کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے نام پٹیشن بھی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کی گئی
حالیہ مردم شماری کے نتائج منسوخ کئے جائیں ، اقوام متحدہ کے مردم شماری کمیشن کی نگرانی میں مردم شماری کرائی جائے۔ پٹیشن میں مطالبہ
قائدتحریک الطاف حسین کو دی جانے والی قتل کی کھلی دھمکیوں کانوٹس لینے کامطالبہ
حالیہ مردم شماری میں کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کم کرنے ،ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ، گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور ریاستی مظالم کے خلاف ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام آج اتوار لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجیمظاہرے میں خراب موسم کے باوجود بڑی تعدادمیں ایم کیوایم کے کارکنوں ، بزرگوں ، خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورایم کیوایم یوکے کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ار کان اور دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے پرچم اور بانی وقائدجناب الطاف حسین کے پورٹریٹ کے ساتھ ساتھ ساتھ مختلف پلے کارڈزاٹھائے ہوئے تھے جن پر مردم شماری میں کراچی اورشہری علاقوں کی آبادی کم کرنے،مہاجروں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل ،گرفتاریوں، جبری گمشدگی،انسانی حقوق کی خلاف ورزی ،ریاستی مظالم بند کرانے اورلاپتہ افراد کی بازیابی کے مطالبات تحریر تھے ۔ مظاہرین نے ایم کیوایم کے کئی لاپتہ کارکنوں کی تصاویر بھی اٹھائی ہوئی تھیں ۔ مظاہرین کافی دیرتک " We rejects Census " We want justice " " Stop killing Mohajirs" کے نعر ے لگاتے رہے ۔اس کے ساتھ ساتھ مظاہرین کافی دیر تک زوردارنعرے لگاکرریاستی مظالم بند کرانے ، مہاجروں کوحقوق دینے کامطالبہ کرتے رہے اور قائدتحریک جناب الطاف حسین سے اپنی وابستگی اورمحبت کے جذبات کااظہارکرتے رہے ۔ سیاحوں نے بھی مظاہرے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور کارکنوں سے مظاہرے کے مقاصدکے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔ ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے ٹیلیفون پر مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے اعلان کیاکہ ہم مردم شماری کومکمل طورپرمسترد کرتے ہیں،
انہوں نے مہاجروں کی نسل کشی بندکرنے کابھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اوریوکے یونٹ کے ذمہ داران نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے نام ایک پٹیشن بھی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کی ۔پٹیشن میں کہاگیاتھاکہ قیام پاکستان کے بعد سے ہونے والی ہرمردم شماری میں کراچی اوردیگرمہاجراکثریتی شہروں کی آبادی سازش کے تحت 50فیصد کم کرکے آدھی کردی گئی اور2017ء کی مردم شماری میں بھی کراچی کی تین کروڑ آبادی کوایک کروڑ49لاکھ دکھایاگیاہے ۔ایساہی سندھ کے دیگرشہری علاقوں کی آبادی کے ساتھ بھی کیاگیاہے۔پٹیشن میں مطالبہ کیاگیاکہ حالیہ مردم شماری کے نتائج منسوخ کئے جائیں اور اقوام متحدہ کے مردم شماری کمیشن کی نگرانی میں مردم شماری کرائی جائے۔ پٹیشن میں قائدتحریک الطاف حسین کوعسکری اداروں اور بعض مخالفین کی جانب سے دی جانے والی قتل کی کھلی دھمکیوں کی بھی سخت مذمت کی گئی اوران کانوٹس لینے کامطالبہ کیاگیا۔