انٹرنیشنل کمیونٹی پاکستان میں مہاجروں کی نسل کشی اور ریاستی مظالم بند کرانے کیلئے اپناکرداراداکرے۔ندیم نصرت
مہاجروں کی واحدنمائندہ جماعت ایم کیوایم کوآپریشن کے نام پرصفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے
ایم کیوایم کے کارکنوں کوسرکاری حراست میں تشددکرکے انہیں قائدتحریک الطا ف حسین سے لاتعلقی اختیارکرنے پر مجبور کیاجارہاہے
حقوق کیلئے آوازاٹھانے والے مہاجروں،بلوچوں، پختونوں اور سندھیوں کو رو زانہ پکڑکرغائب کیاجارہاہے
پاکستان، دراصل ’’ اسلامی جمہوریہ غائبستان ‘‘ بن گیاہے ۔ندیم نصرت
جب لوگوں پرظلم کیاجائے اورانہیں دیوارسے لگایاجائے تواس سے قوموں میں حب الوطنی نہیں بلکہ وطن سے دوری پیداہوتی ہے
لندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ایم کیوایم یوکے کی جانب سے کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب
ایم کیوایم کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کوبند کیاجائے، مہاجروں کے وجود کوبھی تسلیم کیاجائے۔مصطفےٰ عزیزآبادی
ایم کیوایم پر عائدغیراعلانیہ پابندی ختم کی جائے اورلاپتہ افرادکوبازیاب کیاجائے ۔ قاسم علی رضا
ایم کیوایم کے کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی پاکستان میں مہاجروں کی نسل کشی اوران پر ڈھائے جانے والے ریاستی مظالم بند کرانے کیلئے اپناکرداراداکرے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، بانی و قائد جناب الطاف حسین اوردیگر جلاوطن رہنماؤں کے رشتہ داروں ، کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں ،جبری گمشدگیوں اورمظالم کے خلاف لندن میں برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ایم کیوایم یوکے کی جانب سے کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ احتجاجیمظاہرے میں بڑی تعدادمیں ایم کیوایم کے کارکنوں ، بزرگوں ، خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔ندیم نصرت نے کہاکہ ہمارے آباؤاجدادنے لاکھوں جانیں دے کر پاکستان بنایالیکن قیام پاکستان کے بعدسے ہی مہاجروں کے ساتھ حق تلفیاں کی جارہی ہیں اوراپنے حقوق کیلئے آوازبلندکرنے پر انہیں ریاستی مظالم کانشانہ بنایاجارہاہے، مہاجروں کی واحدنمائندہ جماعت ایم کیوایم کوآپریشن کے نام پرصفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔میڈیاپرقائدتحریک الطاف حسین کے اظہاررائے پرپابندی عائد ہے، ایم کیوایم کے کارکنوں کوسرکاری حراست میں تشددکرکے انہیں قائدتحریک الطا ف حسین سے لاتعلقی اختیارکرنے پر مجبور کیاجارہاہے اورمہاجروں کے انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔ ندیم نصرت نے کہاکہ پاکستان میں اپنی قوم کے حقوق کیلئے آوازاٹھانے والے ایم کیو ایم کے کارکنوں مہاجروں،بلوچوں، پختونوں اور سندھیوں کوجس طرح رو زانہ پکڑکرغائب کیاجارہاہے اس سے پاکستان، دراصل ’’ اسلامی جمہوریہ غائبستان ‘‘ بن گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ جب اس طرح کے مظالم کئے جائیں اورانہیں دیوارسے لگایاجائے تواس سے قوموں میں حب الوطنی نہیں بلکہ وطن سے دوری پیداہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کواپنی سرگرمیوں کی آزادی حاصل ہے لیکن ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم برطانیہ کی وزیراعظم اورتمام انٹرنیشنل کمیونٹی سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں مہاجروں پرآپریشن کے نام پر ہونے والے مظالم بندکرانے کیلئے اپناکرداراداکریں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل بند کیاجائے، بانی و قائد جناب الطاف حسین اوردیگر جلاوطن رہنماؤں کے رشتہ داروں ، کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اورجبری گمشدگیوں کاسلسلہ بند کیاجائے اور تمام لاپتہ افرادکوبازیاب کرایاجائے ۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ پاکستان میں ہماری آواز کو دبایا جارہاہے، ہمارے بے گناہ کارکنوں کاماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے اورانہیں چن چن کرگرفتارکیاجارہاہے اورلاپتہ کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیوایم کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کوبند کیاجائے، مہاجروں کے وجود کوبھی تسلیم کیاجائے، مہاجروں کوبھی برابر کا پاکستانی سمجھاجائے اورمہاجروں کوان کے تمام حقوق دیے جائیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ اب قائدتحریک الطاف حسین کے کزن خالدحسین، بھانجے عبدالعزیزانصاری اورمصطفےٰ عزیزآبادی کے بھائی منیرعلی کوحراست میں لے کر لاپتہ کردیاگیاہے ،بے گناہ کارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے احسان اللہ احسان کومیڈیاپر بولنے کی آزادی ہے لیکن قائدتحریک الطاف حسین کے میڈیاپربیان دینے پر پابندی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم پر عائدغیراعلانیہ پابندی ختم کی جائے اورلاپتہ افرادکوبازیاب کیاجائے ۔
*****