حکومت سندھ کی جانب سے کراچی اورحیدرآبادمیں ’’ الطاف حسین یونیورسٹی ‘‘ کانام تبدیل کرنا سراسرناجائز،نفرت انگیز اور متعصبانہ اقدام ہے۔ندیم نصرت،کنوینر واراکین رابطہ کمیٹی
سپریم کورٹ نے ذوالفقارعلی بھٹوکو قاتل قراردیتے ہوئے پھانسی کی سزادی لیکن ان کے نام سے سرکاری تعلیمی ادارہ قائم ہے
باچہ خان نے پاکستان میں سپردخاک ہوناتک قبول نہیں کیاتھا ، لیکن انکے نام سے یونیورسٹی اورایئرپورٹ منسوب ہے
حکومت سندھ نے یونیورسٹی کے نام تبدیل کرکے قائدتحریک الطاف حسین، ایم کیو ایم اور مہاجروں سے اپنی
ازلی نفرت اور تعصب کامظاہرہ کیاہے
اس طرح کے اقدامات سے محبتیں پروان نہیں چڑھیں گی بلکہ یہ عمل مزید نفرتوں کوجنم دے گا
حکومت سندھ چاہے کیسے ہی ہتھکنڈے کیوں نہ اختیارکرلے وہ کراچی اورحیدرآبادکے عوام اور قائدتحریک الطاف حسین
کے تعلق کوختم نہیں کرسکتی۔ندیم نصرت واراکین رابطہ کمیٹی
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت اوراراکین رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی اورحیدرآبادمیں بانی وقائدجناب الطاف حسین کے نام پر بننے والی ’’ الطاف حسین یونیورسٹی ‘‘ کانام تبدیل کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوراس اقدام کوسراسرناجائز،نفرت انگیز اور متعصبانہ قراردیاہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں مختلف اداروں اورمقامات کئی ایسی سیاسی شخصیات کے نام سے منسوب ہیں کہ جہاں ان سے محبت کرنے والے لوگ موجودہیں توان کی مخالفت کرنے والے بھی بڑی تعدادمیں موجودہیں۔ سپریم کورٹ نے ذوالفقارعلی بھٹوکوقاتل قراردیتے ہوئے پھانسی کی سزا دی تھی اوریہ فیصلہ آج بھی عدالت کے ریکارڈپر موجودہے اور اس بات سے قطع نظرکہ وہ سزاصحیح تھی یاغلط، لیکن ان کے نام سے سرکاری تعلیمی ادارے قائم ہیں ، خان عبدالغفار خان عرف باچہ خان کے نام سے یونیورسٹی اورایئرپورٹ منسوب ہے حالانکہ باچہ خان نے پاکستان میں سپردخاک ہوناتک قبول نہیں کیاتھا ، لیکن آج بھی یہ ادارے ان شخصیات کے نام سے منسوب ہیں۔ندیم نصرت اوررابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ پیپلزپارٹی کاماضی مہاجروں سے نفرت، تعصب،کوٹہ سسٹم ، لسانی بل، مر دم شماری میں شہری علاقوں سے دھاندلی اورحیدرآبادمیں یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت جیسے متعصبانہ اقدامات سے عبارت ہے اورآج پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ نے قائدتحریک الطاف حسین کے نام سے بننے والی یونیورسٹی کے نام تبدیل کرکے قائدتحریک الطاف حسین، ایم کیو ایم اور مہاجروں سے اپنی ازلی نفرت اور تعصب کاایک اورمظاہرہ کیاہے ۔ اس طرح کے اقدامات سے محبتیں پروان نہیں چڑھیں گی بلکہ یہ عمل مزید نفرتوں کوجنم دے گا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت سندھ اگریہ سمجھتی ہے کہ وہ یونیورسٹیوں کے نام تبدیل کرکے کر اچی اورحیدرآبادکے عوام کے دلوں سے قائدتحریک الطاف حسین کی محبت اوروابستگی کوختم کرسکتی ہے تویہ اس کی بھول ہے ، حکومت سندھ چاہے کیسے ہی ہتھکنڈے کیوں نہ اختیارکرلے وہ کراچی اورحیدرآبادکے عوام اور قائدتحریک الطاف حسین کے تعلق کوختم نہیں کرسکتی۔
*****