سید ناظم علی نظامی اوران کے بزرگ چچاسیدآصف علی نظامی کوحراست میں لیناانتہائی قابل مذمت
اورگھناؤناعمل ہے۔الطاف حسین
قائدتحریک الطاف حسین کی سید ناظم علی نظامی کے چھوٹے بھائی سید مظہرعلی نظامی سے فون پر گفتگو، واقعہ پر
دلی ہمدردی اورافسوس کااظہارکیا
سیدناظم علی نظامی اورسید آصف علی نظا می کاخاندان سات نسلوں سے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء ؒ کی درگاہ کا سجادہ نشین ہے
وہ غیرقانونی طورپرسرحدعبورکرکے نہیں بلکہ قانونی طورپر ویزہ لے کرپاکستان آئے تھے ،
سیدناظم علی نظامی اورسید آصف علی نظا می کو حراست میں لے کر سرکاری ایجنسیوں نے قطعی اورقطعی غیرقانونی عمل کیا ہے
بزرگان دین کے مزارات کے سجادہ نشینوں کے ساتھ ایساگھناؤنا عمل کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کاعذاب آئے گا
سید ناظم علی نظامی اوران کے بزرگ چچاسیدآصف علی نظامی کوفی الفوررہاکیاجائے ۔ الطاف حسین
قیام پاکستان کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے والے مہاجروں کو شک کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے
مہاجروں کے جورشتہ دار ان سے ملنے انڈیاسے پاکستان آتے ہیں ان پر بھی شک کیاجاتاہے
اللہ تعالیٰ سب کچھ دیکھ رہاہے اوروہ بہترانصاف کرنے والاہے ۔قائدتحریک الطاف حسین کاآڈیوپیغام
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیا ؒ کی درگاہ کے سجادہ نشین سید ناظم علی نظامی اوران کے 80سالہ بزرگ چچا سید آصف علی نظامی کوپاکستان میں حراست میں لئے جانے اورلاپتہ کرنے کی شدیدمذمت کی ہے اوراسے انتہائی قابل مذمت اورگھناؤناعمل قرار دیاہے ۔ جناب الطاف حسین نے سید ناظم علی نظامی کے چھوٹے بھائی سید مظہرعلی نظامی کوفو ن کرکے ان سے اس واقعہ پر دلی ہمدردی اورافسوس کااظہارکیا۔ اس موقع پر سیدمظہرعلی نظامی نے جناب الطاف حسین کوبتایاکہ ان کے بڑے بھائی سید ناظم علی نظامی اوران کے بزرگ چچاسید آصف علی نظامی 6 مارچ کو پاکستان گئے تھے ۔ کراچی میں چچاکی ہمشیرہ رہتی ہیں جوشدیدعلیل ہیں وہ کراچی اپنی ہمشیرہ سے ملاقات کے چندروز بعد لاہورمیں داتاگنج بخش ؒ کے مزار پر گئے وہاں چادرچڑھانے اورفاتحہ پڑھنے کے بعد پاک پٹن شریف میں حضرت بابافریدگنج شکر ؒ کے مزارپرحاضری دی ۔ واپسی میں وہ لاہورمیں داتاصاحب کے مزار پر حاظری کے بعد شاہین ایئرویز کی پرواز سے لاہورسے کراچی جارہے تھے کہ لاہورایئرپورٹ پر سید ناظم علی نظامی کوسرکاری اہلکاروں نے روک لیا اور چچا آصف علی نظامی کو کراچی جانے دیالیکن جب چچاآصف علی نظامی کراچی پہنچے تووہ ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئے جبکہ انہیں لینے کیلئے نظامی فیملی کے سیدحمادنظامی ایئرپورٹ کے اندرگئے تووہ بھی واپس نہیں آئے ، اس کے بعد سے سید ناظم علی نظامی اورچچا سید آصف علی نظامی کاکوئی پتہ نہیں ہے ۔ جناب الطاف حسین نے سیدمظہرنظامی اوران کے تمام اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہارکیااورکہاکہ اس واقعہ پر مجھے بہت دلی افسوس ہے اورمیں آپ اورآپ کے پورے خاندان سے دلی ہمدردی کااظہارکرتاہوں۔ آپ صبرکریں، اللہ تعالیٰ سب کچھ دیکھ رہاہے اوروہ بہترانصاف کرنے والاہے ۔ میں دعاکرتاہوں کہ اللہ تعالیٰ اہل بیت اوربزرگان دین کے صدقے سیدناظم علی نظامی اورسید آصف علی نظامی کوبخیریت بازیاب کرائے ۔
دریں اثناء جناب الطاف حسین نے اپنے آڈیوپیغام میں سید ناظم علی نظامی اوران کے 80سالہ بزرگ چچا سید آصف علی نظامی کوپاکستان میں حراست میں لئے جانے اورلاپتہ کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ سیدناظم علی نظامی اورسید آصف علی نظا می کاخاندان سات نسلوں سے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء ؒ کی درگاہ کا سجادہ نشین ہے جن کے عقیدت مند انڈیا اورپاکستان ہی میں نہیں بلکہ دنیابھرمیں موجود ہیں،وہ غیرقانونی طورپرسرحدعبورکرکے نہیں بلکہ قانونی طورپر ویزہ لے کرپاکستان آئے تھے ، انہیں حراست میں لے کر سرکاری ایجنسیوں نے نہ صرف قطعی اورقطعی غیرقانونی عمل کیا ہے بلکہ یہ عمل انتہائی قابل مذمت اورگھناؤناہے ۔بزرگان دین کے مزارات کے سجادہ نشینوں کے ساتھ ایساگھناؤنا عمل کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کاعذاب آئے گا. جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ عمل انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے کہ جومہاجر قیام پاکستان کے وقت لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کرپاکستان آئے انہیں شک کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے اوران کے جورشتہ دار ان سے ملنے انڈیاسے پاکستان آتے ہیں ان پر بھی شک کیاجاتاہے، حتیٰ کہ بزرگان دین کے مزارات کے سجادہ نشینوں تک کے ساتھ ایساسلوک کیاجارہاہے ۔جناب الطاف حسین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ سید ناظم علی نظامی اوران کے بزرگ چچاسیدآصف علی نظامی کوفی الفوررہاکیاجائے ۔