دہشت گردوں نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کو نشانہ بناکر قہرخداوندی کو دعوت دی ہے، قائد تحریک الطاف حسین
درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے گدی نشین ڈاکٹرسید مہدی رضا شاہ سبزواری اور سجادہ نشین سید شاہ فیصل سبزواری سے ٹیلی فون پر گفتگو
اگر ارباب اختیارواقتدارنے سفاک دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی اور
مظلوم عوام کو انصاف فراہم نہ کیا تو پورے ملک میں دھمال ہوگا، الطاف حسین
ایم کیوایم شروع دن سے ہی مذہبی انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ،الطاف حسین
برسوں سے مسلسل القاعدہ، طالبان اورداعش کے خطرے سے پاکستانی قوم کو آگاہ کرتا رہا لیکن میری باتوں کامذاق اڑایاگیا، الطاف حسین
بم دھماکے میں شہید ہونے والے افرادکے گھروں پر جاکرلواحقین سے تعزیت اورزخمیوں کی عیادت کریں، ذمہ داران کوہدایت
آپ نے ہمارے زخموں پرمرہم رکھ کرہمیں بہت حوصلہ دیا ہے، گدی نشین درگاہ سیہون شریف
بزرگان دین کی تعلیمات مذہبی انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف آخری دفاعی لائن ہے، گدی نشین درگاہ سیہون شریف
آپ نے سب سے پہلے طالبان دہشت گردوں کے خلاف آوازبلند کی، سجادہ نشین درگاہ سیہون شریف
ایم کیوایم کے سینئررہنما غلام علی شاہانی اورکارکنان نے الطاف حسین کی جانب سے
حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے قائد جناب الطاف حسین نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پر دہشت گردی اورقتل وغارتگری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سفاک دہشت گرد اور ان کے سرپرستوں پر اللہ تعالیٰ کا عذاب نازل ہوگا۔ یہ بات جناب الطاف حسین نے آج سیہون شریف میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے گدی نشین ڈاکٹرسید مہدی رضا شاہ سبزواری اور سجادہ نشین سید شاہ فیصل سبزواری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے سینئر رہنما غلام علی شاہانی اورایم کیوایم کے مقامی ذمہ داران وکارکنان بھی بڑی تعداد میں درگاہ پرموجودتھے ۔ جناب الطاف حسین نے صوفی بزرگ حضرت عثمان مروندی المعروف حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ پرخودکش حملے اور سینکڑوں زائرین کے شہید وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے شہداء کے بلنددرجات اورزخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ بزرگان دین نے ہمیشہ اعتدال پسندی اوراحترام انسانیت کادرس دیا ہے اوربزرگان دین کے مزارات کودہشت گردی کا نشانہ بنانے والے مسلمان توکجا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم شروع دن سے ہی مذہبی انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ، میں گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل القاعدہ، طالبان اورداعش کے خطرے سے پاکستانی قوم کو آگاہ کرتا رہا لیکن میری باتوں پر سنجیدگی سے غورکرنے کے بجائے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سمیت دیگرسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے میرامذاق اڑایا اورمیرے خدشات کو جھوٹ قراردیالیکن آج پیپلزپارٹی کے رہنما بھی طالبانائزیشن کااقرارکرنے پر مجبورہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سفاک دہشت گردوں نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کو نشانہ بناکر قہرخداوندی کو دعوت دی ہے اوراگر ارباب اختیارواقتدارنے سفاک دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی نہ کی اورمظلوم عوام کو انصاف فراہم نہ کیا تو پورے ملک میں دھمال ہوگا۔جناب الطاف حسین نے غلام علی شاہانی کو ہدایت کی کہ وہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے افرادکے گھروں پر جائیں اورمیری جانب سے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کریں اوران کا غم بانٹیں اور سیہون شریف، جامشورو، نواب شاہ، حیدرآباداورکراچی کے اسپتالوں کا دورہ کریں اور میری جانب سے بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کریں۔ اس موقع پردرگاہ سیہون شریف کے گدی نشین ڈاکٹر سید مہدی رضا شاہ سبزواری نے جناب الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے اظہارہمدردی اورتعزیت پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ الطاف بھائی ، ہم آپ کے جذبات کی دل سے قدرکرتے ہیں، آپ نے ہمارے زخموں پرمرہم رکھ کرہمیں بہت حوصلہ دیا ہے اورہم آپ کی صحت اوردرازی عمر کیلئے دعا گوہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ بزرگان دین کی تعلیمات مذہبی انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف آخری دفاعی لائن ہے اور سفاک دہشت گرد اس دفاعی لائن کو کمزور کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ انشاء اللہ یہ ساز ش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ قبل ازیں درگاہ سیہون شریف کے سجادہ نشین سیدشاہ فیصل سبزواری نے جناب الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آپ پاکستان کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے سب سے پہلے طالبان دہشت گردوں کے خلاف آوازبلند کی لیکن افسوس کہ سیاسی ومذہبی جماعتوں نے آپ کی باتوں پرکوئی توجہ نہیں دی جس کا آج خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔بعدازاں غلام علی شاہانی اورایم کیوایم کے کارکنان نے جناب الطاف حسین کی جانب سے حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔
*****