ایم کیوایم کے شہید ،اسیر اور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ بھوک ہڑتالی کیمپ کا دوسرا روز
متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی گرفتاری اورلاپتہ کئے جانے کے واقعات بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے
شہید ، اسیر اورلاپتہ کارکنان کے اہل خانہ کے آنسو ، سسکیاں اورلرزتے جسم دیکھ کر ماحول سوگوار ہوگیا
فہد عزیز کو بارات والے دن گرفتار کرکے بے انتہاء تشدد کیا اور بعد میں کہا گیا غلط فہمی ہوگئی تھی لیکن پھر انہیں دوبارہ گرفتار
کرکے لے گئے ، اسیر کارکن فہد عزیز کی اہلیہ کشور فہد
اتنا تو بتا دیاجائے کہ میرا بھتیجا کہاں ہے ، لاپتہ کارکن صابر منصوری کے چچامحمد ہارون
میرے بیٹے کو رینجرز 3سال قبل سب کے سامنے لیکر گئی لیکن اب وہ انکار کررہی ہے، لاپتہ کارکن اسحق کی والدہ محترمہ
خدا کیلئے میرے بیٹے کو چھوڑ دیں اس کا جرم یہ ہے کہ وہ ایم کیوایم کا کارکن ہے ، لاپتہ کارکن فاروق کی والدہ محترمہ
کراچی ۔۔۔5، اگست2016ء
ایم کیوایم کے کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں، چھاپوں ، جبری گمشدگیوں، سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی اور جناب الطاف حسین کی میڈیاکوریج پر غیر آئینی قدغن کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیوایم کی جانب سے کی جانے والی بھوک ہڑتال کے آخری روز شہید ، اسیر اور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ نے میڈیا کے سامنے اپنے پیاروں کی گرفتاریوں اورلاپتہ کئے جانے کے واقعات بیان کئے اور آبدیدہ ہوگئے اورحکمرانوں سے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے دہائیاں دیں ۔ شہداء ،اسیر اور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تصاویر ہاتھ میں لئے جب اپنی روئیداد سنا رہے تھے تو ان کی آنکھوں میں آنسو ، سسکیاں اورلرزتے جسم دیکھ کر ماحول سوگوار ہوگیااو ر سب کی آنکھیں نم ہوگئیں ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں میڈیا کے سامنے اسیر کارکن فہد عزیز کی اہلیہ کشور فہد نے اپنی نولود بچی کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ شاہ فیصل کے پل سے میرے شوہر کو بارات والے دن اٹھا لیا گیا اور ان پر بے پناہ تشد د کیا گیا اور بعد میں معلوم ہوا کہ فہد کو نیم مردہ حالت میں اسپتال میں داخل کرادیا گیا اور کہا گیا کہ غلط فہمی میں گرفتار کیا تھا ۔میراسوال یہ ہے کہ کیا غلط فہمی میں کسی پر اتنا تشدد کیا جاتا ہے ، جب وہ بازیاب ہوگئے تو اس کے بعد دوبارہ انہیں گلی میں سے اٹھا کر لے گئے میں نے جب معلوم کیا کہ فہد کو کیوں لے جارہے ہو ، میں اپنی بچی کے ساتھ ان کے ساتھ بیٹھ گئی اور کہا کہ میں ساتھ جاؤں گی ، مجھے بلیک میل کیا اور دھمکی دی کہ آپ نہیں اتریں گی تو اچھا نہیں ہوگا اور کہاکہ پوچھ گچھ کرکے چھوڑ دیں اور کلمہ کا واسطہ دیکر مجھے بھیجا۔ انہوں نے کہاکہ اگر میرا تعلق الطاف حسین اور ایم کیوایم سے نہیں ہوتا تو میں سڑک پر ہوتی اور برے حال میں ہوتی ۔ ایم کیوایم ورنگی ٹاؤن کے لاپتہ کارکن صابر منصوری کے چچا محمد ہارون نے کہا کہ ہمیں کم سے کم اتنا تو بتا دیاجائے کہ میرا بھتیجا کہاں ہے ، میرے بھتیجے کا اگر کوئی جرم ہے تو عدالت میں پیش کیاجائے ،ایسا ظلم نہ کیاجائے کہ ہم صبرکا دامن چھوڑ بیٹھیں ۔میں بھی ایم کیوایم کا کارکن ہوں اور میرا بیٹا بھی تھا لیکن انصاف کیاجائے ۔ ایم کیوایم کے لاپتہ کارکن محمد اسحاق کی والدہ محترمہ نے کہاکہ میرے بیٹے کو رینجرز 3سال قبل سب کے سامنے لیکر گئی لیکن اب وہ انکار کررہی ہے ۔ ا نہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے جتنے کارکن لاپتہ ہیں اور اسیر ہیں ان پر ظلم بند کیاجائے اور رہا اور بازیاب کرایاجائے ۔ ایم کیوایم لاپتہ کارکن فاروق کی والدہ محترمہ نے روتے ہوئے بتایا کہ فاروق کو سرکاری اہلکاروں نے اٹھایا ، دو دن اخبارات میں گرفتاری کی خبر یں آتی رہیں ، ساڑھے تین سال ہوگئے روز انتظار کرتی ہوں کہ شاید رحم کھا کر میرے بیٹے کو چھوڑ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ خدا کیلئے میرے بیٹے کو چھوڑ دیں اس کا جرم یہ ہے کہ وہ ایم کیوایم کا کارکن ہے ۔