نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبد الرؤف صدیقی ، کارکنوں کی گرفتاریوں ، چھاپوں ، جبری گمشدگیوں ، جھوٹے مقدمات کے اندراج کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر بڑا پرامن احتجاجی مظاہرہ
’’مہاجروں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کیاجائے ‘‘’’کراچی آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا نہیں بلکہ ایم کیوایم کو ختم کرنا ہے ‘‘’’وسیم اختر اور رؤف صدیقی کو فی الفور رہاکیاجائے ‘‘، شرکاء کے بینرز
مظاہرے میں سول سوسائٹی کے وفد سمیت رؤف صدیقی اور وسیم اختر کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے
کراچی ۔۔۔22، جولائی 2016ء
نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبد الرؤف صدیقی اور کارکنوں کی گرفتاریوں ، چھاپوں ، جبری گمشدگیوں ، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کے اندراج کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر بڑا پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء شام 4بجے سے ہی پریس کلب پر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے اور وہ وقفے وقفے سے نامزد میئر کراچی وسیم اختر ، رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی اور دیگر کارکنان کی گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کئے جانے کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے ۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پہلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر’’مہاجروں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کیاجائے ‘‘’’کراچی آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا نہیں بلکہ ایم کیوایم کو ختم کرنا ہے ‘‘’’ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال سے ایم کیوایم کو ختم نہیں کیاجاسکتا‘‘’’وسیم اختر اور رؤف صدیقی کو فی الفور رہاکیاجائے ‘‘’’ماورائے عدالت قتل کئے گئے 61کارکنان کے قاتل اہلکاروں کو سخت سزا دی جائے ‘‘اور دیگر مطالبات اور کلمات جلی حروف میں درج تھاجبکہ اسٹیج کے عقب میں میں لگائی گئی بڑی اسکرین پر ’’ایم کیوایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبد الرؤف صدیقی اور کارکنوں کی گرفتاریوں ، چھاپوں ، جبری گمشدگیوں ، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کے اندراج کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ ‘‘ کے الفاظ بھی جلی حروف میں تحریر تھے ۔ مظاہرے کے شرکاء ’’نہ جھکنے والا مہاجر ‘‘’’میئر کو رہا کرو ورنہ کرسی چھوڑ دو ‘‘’’ظالموں جواب دو خون کا حساب دو ‘‘’’بند کرو بند کرو دہشت گردی بند کرو ‘‘’’جاری رہے گی جاری رہے گی جدوجہد جاری رہے گی ‘‘’’نعرہ الطاف جئے الطاف ‘‘’’نعرمتحدہ جئے متحدہ ‘‘اور دیگر نعرے پرجوش انداز میں لگا رہے تھے ۔ مظاہرے میں وسیم اختر ، رؤف صدیقی کے اہل خانہ سمیت سول سوسائٹی کے وفد نے بھی شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے ایم کیوایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، رابطہ کمیٹی کے ارکان محفوظ یار خان ، اسلم آفریدی ، نامزد ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی محترمہ ہیر سوہو نے خطاب کیا ۔