ایم کیوایم لانڈھی کے کارکن ریاض الحق کی شہادت پر قائد ایم کیوایم الطاف حسین کااظہارافسوس
حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں بے گناہ کارکنان کوتشددکا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل کیاجارہا ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔8، جولائی2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم لانڈھی ٹاؤن ، یونٹ 81 کے لاپتہ کارکن ریاض الحق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو حراست کے دوران انسانیت سوز تشددکا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل کیاجارہا ہے لیکن اس ظلم وستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرارباب اختیارواقتدار ، عدلیہ اور سیاسی ومذہبی جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں اور مہاجروں کو انصاف دینے والا کوئی نہیں ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کے نام پر شروع کیے جانے والے آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 61 کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیاجاچکاہے اوراپنے پیارے پیارے ساتھیوں کی شہادت پر میراد ل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے ریاض الحق شہید کے سوگوارلواحقین سے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ریاض الحق شہید کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ (آمین)