حضرت امجدصابری شہید ؒ کے یوم شہادت کو ’’ یوم صوفیانہ ‘‘ کے طورپرمنایاجائے گا
حضرت امجدصابری شہید ؒ سچے عاشق رسول ؐ تھے، صوفیانہ کلام میں ملکہ رکھتے تھے
ہرسال 22جون کو امجدصابری کی یادمیں ان کے پیغام کوتازہ کیاجائے گااورشہیدکوخراج عقیدت پیش کیاجائے گا
لندن ۔۔۔23، جون2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے اعلان کیاہے کہ عالمی شہرت یافتہ قوال حضرت امجدصابری شہید ؒ ایک دانشور، مفکر اور صوفیانہ کلام میں ملکہ رکھتے تھے اور سچے عاشق رسول ؐ تھے۔ ان کے یوم شہادت کو ’’ یوم صوفیانہ‘‘ کے طورپرمنایاجائے گا۔ اس بات کااعلان انہوں نے آج کراچی ، حیدرآباداور میرپورخاص میں ایم کیوایم کے رہنماؤں، منتخب ارکان اسمبلی اور ذمہ داران اورامریکہ ، کینیڈا، برطانیہ، سعودی عرب کے شہروں جدہ ، ریاض میں کارکنوں کے اجلاسوں سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حضرت امجد صابری ؒ نے حمدوثناء اور اپنی قوالیوں کے ذریعے صوفی ازم کی بہت خدمت کی ، لوگوں کوامن ومحبت کاپیغام دیااوراسی جدوجہدمیں اپنی جان کی قربانی دیدی لہٰذا ان کی ان خدمات کے اعتراف کے طورپر ہرسال 22جون کویوم صوفیانہ کے طورپرمنایاجائے گا۔اس روزان کے صوفیانہ پیغام کوتازہ کیاجائے گااورشہیدکوخراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر خودبھی درودوسلام پڑھااورکہاکہ درودوسلام کے دشمنوں نے امجدصابری کوشہیدکردیا۔ اللہ تعالیٰ ایسے ظالموں کواپنے انجام تک پہنچائے ۔