پاکستان میں نئے انتظامی صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے،ندیم نصرت
رمضان کے بعد ایم کیوایم ملک میں نئے صوبوں بالخصوص سندھ میں شہری صوبہ کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد تیز کر دے گی
مسلسل ناانصافیوں، حق تلفیوں اورمظالم کے باعث مہاجروں میں پائے جانے والے احساس محرومی میں مسلسل اضافہ ہورہاہے
بیرونی ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے کارکنان اپنے مظلوم ساتھیوں اور قوم کی آواز بنیں ،ندیم نصرت
جنہیں کرپشن میں ملوث ہونے کی بنا پر پارٹی سے نکال دیا گیا تھا آج وہ ایم کیوایم کو اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں ،ندیم نصرت
پرتگال میں یونٹ کے باقاعدہ قیام کے موقع پر کارکنوں سے فون پر خطاب
لندن۔۔12جون 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے انتظامی صوبوں کا قیام اب ناگزیر ہوچکا ہے ، رمضان کے بعد ایم کیوایم ملک میں نئے صوبوں بالخصوص سندھ میں شہری صوبہ کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد تیز کر دے گی۔ انہوں نے یہ بات پرتگال میں کارکنوں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرانہوں نے پرتگال یونٹ کے باقاعدہ قیام کااعلان بھی کیا ۔ندیم نصرت نے کہا کہ ایم کیوایم اپنے قیام کے اول روز سے کرپشن اور ملک میں رائج دوہرے نظام کے خلاف ہے اور آج ایم کیوایم اپنے منشور پر ڈٹے رہنے کی سزا کاٹ رہی ہے وہ افراد جنہیں کرپشن میں ملوث ہونے کی بنا پر نکال دیا گیا تھا آج وہ ایم کیوایم کو اخلاقیات کا درس دیتے ہوئے طرح طرح کی جھوٹے الزامات کا پہاڑ کھڑ ا کر رہے ہیں ۔ندیم نصرت نے کہاکہ مسلسل ناانصافیوں، حق تلفیوں اورمظالم کے باعث مہاجروں میں پائے جانے والے احساس محرومی میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ارباب اختیارکواس احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے اورمہاجروں کے خلاف ظالمانہ اقدامات بندکرنے ہوں گے۔ندیم نصرت نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدرد پاکستان کے حالات پر اپنی نظر رکھیں اور ایم کیوایم کے خلاف ہونے والے ہر ایک غیر آئینی اقدامات پر اپنا احتجاج بلند کرتے ہوئے اپنی قوم کو احساس دلائیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔ اگر ان کی آواز پاکستان میں نہیں سنی جارہی ہے یا ان کی داد رسی کیلئے کوئی بھی سیاسی ومذہبی جماعت یا ادارہ اگر آگے نہیں آرہا ہے تو بیرونی ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے کارکنان اپنے مظلوم ساتھیوں اور قوم کی آواز بنیں ۔