خاتون کے خلاف سینیٹرحمداللہ کی بیہودہ زبان کافوری نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
سینیٹرحافظ حمداللہ کی جانب سے محترمہ ماروی سرمدکے خلاف نازیبا اور بیہودہ زبان کے استعمال پر اظہارمذمت
ایم کیوایم،خواتین کے حقوق اور اعتدال پسندی کے حوالہ سے ماروی سرمد کے مؤقف کی بھرپورتائید کرتی ہے، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔11، جون2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹرحافظ حمداللہ کی جانب سے خاتون تجزیہ نگارمحترمہ ماروی سرمدکے خلاف نازیبازبان استعمال کرنے کی سخت مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دین اسلام میں بارہا خواتین کے احترام کا درس دیاگیا ہے اور خواتین سے شائستہ انداز میں گفتگو کی تلقین کی گئی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں پر بالخصوص یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات کو ایک رول ماڈل کے طورپر دنیا کے سامنے پیش کریں اورکسی بھی قیمت پرایسی زبان استعمال نہ کریں جو دین اسلام اور نبی کریم ؐ کی تعلیمات کے منافی ہو۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اورجے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیاکہ خاتون کے خلاف سینیٹرحمداللہ کے غیرشائستہ جملوں کافوری نوٹس لیا جائے۔رابطہ کمیٹی نے محترمہ ماروی سرمد سے دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم نہ صرف ان کے ساتھ ہے بلکہ خواتین کے حقوق اور اعتدال پسندی کے حوالہ سے ان کے مؤقف کی بھرپورتائید بھی کرتی ہے ۔