متحدہ قومی موؤمنٹ رابطہ کمیٹی کی جانب سے عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد
رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور تقویٰ حاصل کرنے کا مہینہ ہے
ماہ صیام کی مسرتوں اور برکتوں میں غریب و مستحق افراد کو یاد رکھا جائے ، رابطہ کمیٹی
کراچی۔ 06 ؍جون2016
متحدہ قومی موؤمنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کی ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینے میں اللہ تعالی اپنی رحمتوں کے دروازے اپنے بندوں پر کھول دیتا ہے ۔ ماہ صیام کے مقدس اور بابرکت مہینے کی آمد کے موقع پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رمضان المبارکے اس بابرکت مہینے میں ہم اللہ تعالی کی خوشنودی اور تقویٰ حاصل کرنے کے لیئے روزے رکھیں اور زیادہ سے زیادہ عبادت کریں ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ روزہ تزکیہ نفس کا ایک بہترین ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے تقویٰ میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ اس مقدس مہینے میں ہمیں بھوک و افلاس کے شکار غریب و مستحق افرادکی ضروررتوں کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ ماہ صیام کی برکتوں والے مہینے میں زیادہ سے زیادہ صدقات ، خیرات اور زکواۃ تقسیم کریں ۔رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماہ صیام کی برکتوں اور رحمتوں کا نزول، امت مسلمہ پر خصوصی طور پر فرمائے اور پاکستان میں امن و خوشحالی کا دور دورہ شروع کرے ۔(آمین)