حیدر امام رضوی اور جسٹس کرم چند کی ایم کیوایم میں شمولیت تحریک کیلئے ایک نئی توانائی اور طاقت کا باعث ہے۔ الطاف حسین
حیدرامام رضوی پی ٹی وی کے بانیوں میں سے ہیں ،وہ تاریخی ڈرامہ سیریزاورسینکڑوں ڈراموں کے خالق اور ہدایت کار ہیں
حیدرامام رضوی کو اقوام متحدہ نے دنیاکے 25بڑے ہدایت کاروں میں شمارکیاہے ،انہوں نے اپنے ڈراموں کے ذریعے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے
جسٹس کرم چندنے غیرجانبدارانہ اورمنصفانہ فیصلے کئے ہیں جس کی وجہ سے ان کابہت احترام پایا جاتا ہے۔ الطاف حسین
ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرنے والے حیدرامام رضوی اور جسٹس کرم چندسے نائن زیرو پر گفتگو
ایک کارکن کی حیثیت سے ایم کیوایم کے مشن ومقصد کیلئے کام کریں گے، اپنے تجربہ سے تحریک کو فائدہ پہنچانے کی بھرپور کوشش
کریں گے۔ حیدر امام رضوی اور جسٹس کرم چند کا قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار خیال
لندن۔۔۔ 15 اپریل 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے پاکستان ٹیلی وژن کے ممتازاورسینئر ڈائریکٹر حیدرامام رضوی اورسینئر ریٹائرڈ جج جسٹس کرم چند کی ایم کیوایم میں شمولیت کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ان دونوں علمی شخصیات کی ایم کیوایم میں شمولیت تحریک کے لئے ایک نئی توانائی اورطاقت کا باعث ہے ۔ نائن زیروپر حیدرامام رضوی اور جسٹس کرم چندسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے دونوں شخصیات کوایم کیوایم میں شمولیت پر مبارکبادپیش کی اور کہا کہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی، تمام منتخب نمائندوں، تمام تنظیمی شعبہ جات کے ارکان اورپاکستان سمیت دنیابھرمیں پھیلے ہوئے کارکنوں، ماؤں،بہنوں اوربزرگوں کی جانب سے ایم کیوایم میں شمولیت پر آپ کودل کی گہرائیوں سے مبارکباداورخراج تحسین پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرامام رضوی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں،وہ پی ٹی وی کے بانیوں میں سے ہیں ،جو بے شمار تاریخی ڈرامہ سیریزاورسینکڑوں ڈراموں کے خالق اور ہدایت کار ہیں جنہیں اقوام متحدہ نے بھی دنیا کے 25بڑے ہدایت کاروں میں شمارکیاہے اورانہوں نے اپنے ڈراموں کے ذریعے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔اسی طرح جسٹس کرم چندایک بے داغ ماضی رکھتے ہیں جنہوں نے غیرجانبدارانہ اورمنصفانہ فیصلے کئے ہیں جس کی وجہ سے ان کابہت احترام پایاجاتاہے۔ان دونوں شخصیات کی شمولیت سے ایم کیوایم کوطاقت وتوانائی اورعروج ملے گا۔اس موقع پر حیدرامام رضوی اور جسٹس کرم چندنے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کے سیاسی وفکرفلسفہ، نظریہ اورایم کیوایم کی جدوجہدسے کے ہمیشہ سے حامی رہے ہیں اوراب عملی طورپرایم کیوایم سے وابستہ ہوگئے ہیں۔ دونوں شخصیات نے جناب الطاف حسین کویقین دلایاکہ وہ ایک کارکن کی حیثیت سے ایم کیوایم کے مشن ومقصدکیلئے کام کریں گے اور اپنے تجربہ سے تحریک کوفائدہ پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔