گلشن اقبال ، گلستان جوہر اور اسکیم 33میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ، رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی
جگہ جگہ گڑ ابل رہے ہیں اور سیوریج کے گندے اور بدبو دار پانی نے عوام کی زندگیاں اجیرن کی ہوئی ہیں، مزمل قریشی
کراچی ۔۔۔ 05؍ اپریل 2016ء
حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد قریشی نے کہا ہے کہ گلشن اقبال ، گلستان جوہر اور اسکیم 33میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی کا بحران شدید ہوگیا ہے جبکہ جگہ جگہ گڑ ابل رہے ہیں اور سیوریج کے گندے اور بدبو دار پانی نے عوام کی زندگیاں اجیرن کی ہوئی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پہلے جن علاقوں میں روزانہ پانی آتا تھا وہاں اب ہفتوں نہیں آتا اور جہاں ایک دن بعد پانی آتا تھا وہاں مہینوں سے پانی کی فراہمی بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پانی کے بحران میں ٹینکر بھی دستیان نہیں ہورہے ہیں اور اگر ٹینکر ملتے ھی ہیں تو ٹینکر مافیا اپنی من مانی قیمتوں پر پانی فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے حصول کیلئے عوام کی بے بسی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ایک طرف عوام پانی کی بوند بوندکیلئے ترس رہے ہیں اور دوسری جانب گلیوں اورمحلوں میں بغیر ڈھکن کے ابلتے گڑ اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کیلئے کوئی کام نہیں کیاجارہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اہل علاقہ کے عوام کے مسائل عروج پر پہنچ چکے ہیں اور مسائل کے حل کیلئے کوئی حکمت عملی نظر نہیں آرہی ہے ۔ محمد مزمل قریشی نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ وہ پانی کے بحران پر واٹر اینڈسیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں اور اور عوام کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں ۔