ایم کیو ایم کا 32واں یوم تاسیس جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں بھرپور تحریکی جوش و جذبے سے منایا گیا
مرکزی اسکرین پر ’’آج بھی منزلوں پہ لگی ہے نظر‘‘ جلی حرفوں میں تحریر تھا جبکہ اسکرین کے درمیان میں 12 فٹ اونچی ایچ ڈی اسکرین بھی لگائی گئی
20 سے زائد شہروں میں ایم کیو ایم کا 32 واں یوم تاسیس منایا گیا جہاں بڑی بڑی LCD کے ذریعے 32 ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ ایم کیو ایم ویب ٹی وی کے ذریعے براہ راست دیکھایا گیا
کراچی ۔۔۔ 18؍ مارچ 2016ء
ایم کیوایم کا 32 واں یوم تاسیس ملک بھر میں تحریکی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین کی رہائشگاہ المعروف نائن زیرو اور اس کے اطراف کی گلیوں اور عمارات کو ایم کیو ایم کے سہ رنگی رنگ کے پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ پنڈال کے اطراف میں جناب الطاف حسین کی قد آور تصاویر آویزاں اور ایم کیو ایم کے 32 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جناب الطاف حسین، کارکنان اور حق پرست عوام کو مبارک باد پیش کی گئی تھی۔ کارکنان و عوام نے اپنے ہاتھوں میں جناب الطاف حسین کی تصاویر اٹھا رکھی تھی جن پر جلی حرفوں میں "Father of the Oppressed Nation Altaf Hussain" تحریر تھا اور جناب الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پندال میں میڈیکل ایڈ، لٹریچر کمیٹی اور سوشل میڈیا کے کیمپس لگائے گئے اور میڈیا کیلئے پنڈال میں اسٹیج کے قریب پریس گیلری لگائی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں میڈیا کے نمائندگان موجود تھیں۔ ایم کیو ایم کے 32 ویں یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر پنڈال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا اور شرکاء کے لئے پنڈال کے وسیع و عریض رقبے پر ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی تھی جبکہ پنڈال میں ایم کیو ایم کے سہ رنگی پرچموں کی بہار نظر آتی تھی۔ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے ٹاؤنز کی جانب سے بھی جناب الطاف حسین کی تصویروں پر مبنی پینافلیکس لگائے گئے جن پر اپنے قائد سے والہانہ عقیدت و محبت کااظہار کرتے ہوئے انقلابی اور تجدید عہد وفا کے حوالے اشعار اور ایم کیو ایم کے 32ویں یوم تاسیس کی مبارک باد کے پیغامات جلی حروف میں تحریر تھے۔ پنڈال میں انتہائی خوبصورتی سے اسٹیج بنایا گیا جس پر مین اسکرین لگائی گئی جس پر ’’آج بھی منزلوں پہ لگی ہے نظر‘‘ جلی حرفوں میں تحریر تھا جبکہ اسکرین کے درمیان میں 12 فٹ اونچی ایچ ڈی اسکرین لگائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کی جانب سے ایم کیو ایم کے 32 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے جناب الطاف حسین ، ایم کیو ایم کے انتخابی نشان پتنگ، ایم کیو ایم کے حق پرست شہداء کی یاد میں تعمیر کئے گئے یادگار شہداء اور جناب الطاف حسین کی مشہور ہنڈا ففٹی کا خوبصورت ماڈلز رکھے گئے تھے۔ پنڈال کے باہر بھی بڑی تعداد میں عوام موجود تھی جن کے لئے گراؤنڈ سے باہر بھی دو بڑی LCD لگائی گئی تھی جبکہ 20 سے زائد شہروں میں ایم کیو ایم کا 32 واں یوم تاسیس منایا گیا جہاں بڑی بڑی LCD کے ذریعے 32 ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ ایم کیو ایم ویب ٹی وی کے ذریعے براہ راست دیکھایا گیا۔ جلسے کے شرکاء سے ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین نے براہ راست ویڈیو لنک سے خطاب کیا۔