آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کوقائدتحریک الطاف حسین کازبردست خراج عقیدت
آرمی پبلک اسکول میں معصوموں کے خون سے ہولی کھیلنے کے دلخراش واقعہ کوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔الطاف حسین
جوعناصر بھی اس وحشت و بربریت میں ملوث ہیں وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں
وقت آگیاہے کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں،انکے سہولت کاروں ، فرقہ وارانہ گروپوں اوران کی حامی انتہاپسند جماعتوں کے خلاف پورے ملک میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔الطاف حسین
لندن ۔۔۔ 16 دسمبر 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی پہلی برسی پر تمام شہیدبچوں اوراساتذہ کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہاکہ 16دسمبر2014ء پاکستان کی تاریخ کاوہ سیاہ ترین دن ہے جب سفاک دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول میں داخل ہوکروہاں زیرتعلیم بچوں اور اساتذہ کرام کوسفاکی اوربیدردی سے گولیاں مارکرشہیدکردیااوراسکول کومعصوموں کوخون سے نہلادیا۔ جناب الطاف حسین نے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کوزبردست خراج عقیدت پیش کیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کواپنی جواررحمت میں جگہ دے ،ان کے درجات بلندفرمائے اورلواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آرمی پبلک اسکول میں معصوموں کے خون سے جس طرح ہولی کھیلی گئی ہے اس دلخراش واقعہ کوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔جوعناصر بھی اس وحشت و بربریت میں ملوث ہیں وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اوروقت آگیاہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوج اوردیگر سیکوریٹی فورسز کودہشت گردی کانشانہ بنانے والے،سویلین اورحساس فوجی تنصیبات،مساجد،امام بارگاہوں، بازاروں، عوامی مقامات میں معصوم شہریوں کودہشت گردی کانشانہ بنانے والے طالبان اوردیگرکالعدم تنظیموں کے JET BLACK دہشت گردوں،ان کے سہولت کاروں ، فرقہ وارانہ گروپوں اوران کی حامی انتہاپسندجماعتوں کے خلاف پورے ملک میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔