متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی صدر آصف علی زرداری سے فون پر گفتگو
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حیدر گیلانی کے اغوا کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔نگراں حکومت اور سیکوریٹی فورسز کو امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بناناچاہییے، الطاف حسین
سیکوریٹی ادارے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے فوری کارروائی کی جائے،صدر آصف علی زرداری
لندن۔۔9مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری سے فون پر گفتگو کی اور ان سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حیدر گیلانی کے اغوا کے واقعہ پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایم کیوایم اور مخصوص جماعتوں کے دفاتر اور ریلیوں کو بموں کے دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا تھا لیکن اب امیدواروں کو اغوا کیا جارہاہے اور آج علی حیدر گیلانی کے اغواکا واقعہ پیش آیا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ نگراں حکومت اور سیکوریٹی فورسز کو امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بناناچاہییے ۔صد ر آصف زرداری نے جناب الطاف حسین کی بات سے اتفاق کیا اور علی حیدر گیلانی کے اغوا کے واقعہ کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو انتخابی عمل کو یر غمال بنانے نہیں دیا جائے ۔صدرمملکت نے کہا کہ انہوں نے سیکوریٹی اداروں کے حکام سے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے فوری کارروائی کی جائے اور امیدوار وں کے تحفظ کے لئے مؤ ثر اقدامات کئے جائیں ۔