ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے ٹیلیفون پر گفتگو
ڈاکٹرطاہرالقادری کی جانب سے مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کی ریلی کی مکمل حمایت کااعلان
ایم کیوایم کی ریلی میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں،ڈاکٹرطاہرالقادری کی اپنے کارکنوں،عقیدت مندوں اورعوام سے اپیل
جواسلام کانام لیکرفوج ،ایف سی اورپولیس کے جوانوں اورشہریوں کاوحشیانہ قتل کرتاہے اورعبادت گاہوں کو نقصان پہنچاتاہے وہ اسلام ، پاکستان اور انسانیت کادشمن ہے۔ ڈاکٹرطاہرالقادری
دہشت گردی کے خلاف جنگ مسلح افواج تنہانہیں لڑسکتی ،پوری قوم کو بھرپور اندازمیں اس کاساتھ دیناچاہیے۔الطاف حسین
پوری قوم کواس وقت متحد ہوکر طالبانائزیشن کامقابلہ کرناچاہیے۔الطاف حسین اورڈاکٹرطاہرالقادری کے مابین اتفاق
لندن۔۔۔22 فروری 2014ء
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اورممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹرطاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نبردآزما مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے اتوارکوکراچی میں نکالی جانے والی ریلی کی مکمل حمایت کر تے ہوئے اپنے کارکنوں،عقیدت مندوں اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ریلی میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کی شب متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔دونوں رہنماؤں نے طالبان دہشت گرددوں کے ہاتھوں فوج ، ایف سی ،رینجرزاورپولیس کے افسروں اورجوانوں اورعام شہریوں کے بہیمانہ قتل اور دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اورشہداء کوخراج عقیدت پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس امرپراتفاق کیاکہ پوری قوم کواس وقت متحد ہوکر طالبانائزیشن کامقابلہ کرناچاہیے۔ جناب الطاف حسین نے ڈاکٹرطاہرالقادری کودہشت گردوں سے نبردآزما پاک فوج، رینجرز،ایف سی اورپولیس سے اظہاریکجہتی کیلئے اتوارکوکراچی میں نکالی جانے والی ریلی سے آگاہ کیااورکہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مسلح افواج تنہانہیں لڑسکتی لہٰذاپوری قوم کو بھرپور اندازمیں اس کاساتھ دیناچاہیے۔ انہوں نے ڈاکٹرطاہرالقادری کے کارکنوں اوراحباب کوبھی یکجہتی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔ڈاکٹرطاہرالقادری نے ایم کیوایم کی اس یکجہتی ریلی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اپنے کارکنان وعوام سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کی یکجہتی ریلی میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔انہوں نے ریلی کی کامیابی اورخیروعافیت کیلئے بھی دعاکی۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ جواسلام کانام لیکرفوج ،ایف سی اورپولیس کے جوانوں کاوحشیانہ قتل کرتاہے، معصوم شہریوں کاخون بہاتاہے،عبادت گاہوں کو نقصان پہنچاتاہے وہ اسلام کادشمن ہے، پاکستان کادشمن ہے اورانسانیت کا دشمن ہے اورہم ایسے عناصر کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے جناب الطاف حسین کواپنے ایران اورترکی کے دورے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ جناب الطاف حسین نے انہیں انکے غیرملکی دوروں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹرطاہرالقادری نے جناب الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اوران کیلئے نیک جذبات کااظہارکیا۔