ایم کیو ایم شعبہ خواتین ہیوسٹن کے زیراہتمام عید میلادالنبی
کی پُرنور محفل کا انعقاد
ٹیکساس (ہیوسٹن)۔۔۔ 12 ستمبر 2026ء
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ہیوسٹن چیپٹر کے شعبہ خواتین کے زیراہتمام ہفتے کی شب مقامی ہال میں عید میلادالنبی کی ایک پُرنور محفل منعقد ہوئی، جس میں شہر بھر سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ ملکی و بین الاقوامی نعت خواں جویریہ سلیم باجی، ثناء باجی، شازیہ شارق باجی اور ایم کیو ایم کی سنئیر رُکن عظمت جبین باجی نے بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور رحمۃ للعالمین کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی۔ محفل کی نظامت کے فرائض فرحین کاظمی باجی نے انجام دیے۔ نعت خوانی کے دوران شرکاء سبحان اللہ اور ماشاء اللہ کی صدائیں بلند کرکے اپنے عقیدت و محبت کا اظہار کرتی رہیں۔
اس موقع پر ہال کو پھولوں کے گلدستوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجایا گیا تھا، جبکہ شرکاء میں گلاب کی کلیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
محفل کے اختتام پر بانی و قائدِ تحریک جناب الطاف حسین بھائی کی صحت و تندرستی، درازیٔ عمر اور انہیں ہر قسم کی بیماریوں، مشکلات، پریشانیوں اور شر سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ایم کیو ایم کے تمام مرحومین اور شہداء کی مغفرت و بلندیٔ درجات، ان کے پسماندگان کے صبر و استقامت اور اسیروں کی سلامتی و رہائی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
*•••••*