ہم کسی سے اس کاحق چھیننانہیں چاہتے بلکہ اپنے حقوق چاہتے ہیں۔مصطفےٰ عزیزآبادی
الطاف حسین نے گمنام لوگوں کونام دیااورانہیں جینے کاراستہ دکھایا۔ ارشدحسین
قائد تحریک الطاف حسین کی جدوجہدحق اورسچ پر مبنی ہے، مظلوموں کی جدوجہد ہے۔ سفیان یوسف
قائدتحریک الطاف حسین کوبھی ملک کی سیاست میں حصہ لینے کی آزادی دی جائے۔ سہیل خانزادہ
ایم کیوایم میں کوئی جاگیردارنہیں تھااسلئے اسے بزورطاقت ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہاشم اعظم
اسٹیلشمنٹ کو چاہیے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے مینڈیٹ کوتسلیم کیاجائے۔ معین خان
ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں ایم کیوایم کے 42ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب
اجتماع سے ایم کیوایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزراطہرعزیز، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان حفیظ احمد، امتیاز انصاری، عبدالحفیظ، صداقت بھائی،ساجد شاہ، انچار ج جواد احمداور یوتھ ونگ کے عبدالرحمان فاروق نے بھی اظہارخیال کیا
لندن……30مارچ 2026ء
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاہے کہ ہم کسی سے اس کاحق چھیننانہیں چاہتے بلکہ مہاجروں کے لئے ان کے غصب شدہ حقوق چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری قوم کے وجود کوتسلیم کیاجائے،اس کے ساتھ بھی مساوی سلوک کیاجائے۔ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے بلکہ مہاجروں کے ساتھ ساتھ اورتمام مظلوموں کے لئے بھی حقوق چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام لندن میں ایم کیوایم کے 42ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ تحریکیں اقتدارکے حصول کے لئے نہیں بلکہ محروم قوموں کے حقوق کے حصول اورنظریہ کے لئے وجودمیں آتی ہے۔ ایم کیوایم بھی سیاسی جماعت نہیں بلکہ تحریک ہے،جومہاجروں اورتمام مظلوموں کے لئے حقوق کے حصول کے لئے وجود میں آئی، قائدتحریک الطاف حسین نے اس مقصد کے لئے نظریہ دیا، بکھرے ہوئے لوگوں کوشناخت دی، انہیں متحدکیا، ہمارے ہزاروں ساتھیوں نے اس مقصد کے لئے اپنی جانیں دیں۔انہوں نے کہاکہ انقلاب کسی سیاسی جماعت کے اقتدارمیں آنے کانام نہیں، انقلاب وہ ہے کہ لوگ جس کاتصورنہ کریں وہ ہوجائے،ایم کیو ایم سے قبل صرف جاگیرداروڈیرے ہی اسمبلیوں میں پہنچتے تھے اوریہ تصورنہیں تھاکہ غریب، لوئرمڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسمبلیوں میں بھی پہنچ سکتے ہیں لیکن قائدتحریک الطاف حسین نے ایم کیوایم کے پلیٹ فارم غریب، نچلے متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیج کر انقلاب برپاکیا، الطاف بھائی یہ انقلاب پورے ملک میں برپاکرناچاہتے تھے لیکن اسٹیبلشمنٹ نے ایم کیوایم کاراستہ روکنے کیلئے اس کے خلاف آپریشن کیاجوآج بھی جاری ہے۔ اسٹیبلشمنٹ نے عوام کو الطاف بھائی سے دورکرنے کے لئے اربوں کھربوں روپے خرچ کئے لیکن الطاف بھائی کی محبت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ اورنئی نسل میں منتقل ہورہی ہے۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ارشد حسین نے اجتماع سے اظہارخیال کرتے ہوئے ہم بانی وقائد جناب الطاف حسین کاشکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے گمنام لوگوں کونام دیااورانہیں جینے کاراستہ دکھایا، انہوں نے صرف مہاجروں کے ہی حقوق کے لئے آوازانہیں اٹھائی بلکہ تمام مظلوموں کے لئے آواز بلند کی اسی لئے انہیں مظلوموں کاساتھی کہاجاتاہے۔اس رمضان میں بھی بانی وقائدجناب الطاف حسین کی ہدایت پر تمام مستحق لوگوں کی مد د کی گئی اورکارکنوں نے خطرات کے باوجود فلاحی خدمات انجام دیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے قائدتحریک الطاف حسین پر طرح طرح کے مقدمات قائم کیے، انہیں گرفتارکیاگیا، ہر طرح کے ہتھکنڈے اختیارکئے لیکن قائدتحریک الطاف حسین نے اپناسرنہیں جھکایا۔قائدتحریک الطاف حسین پر عائدپابندی کوختم کیاجائے۔
رابطہ کمیٹی کے رکن سفیان یوسف نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین ایم کیوایم کے بانی اور نظریہ دینے والے ہیں، ان کی جدوجہدحق اورسچ پر مبنی ہے، مظلوموں کی جدوجہد ہے۔ آج کادورایک جدیداورٹیکنالوجی کازمانہ ہے، قائدتحریک الطاف حسین کا پیغام یہی ہے کہ اس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور کے ساتھ چلتے ہوئے تحریک کے پیغام کوپھیلانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اورآرٹیفیشل انٹیلی جینس سے استفادہ کیاجائے اور تحریک کے خلاف کئے گئے پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جینس سے فائدہ اٹھایاجائے۔
ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن سہیل خانزادہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کی جدوجہد کے 42سال اپنے اندرتاریخ رکھتے ہیں۔ ایم کیوایم کی جدوجہدکے دوران ہزاروں کارکنان کوشہید کیاگیااورسینکڑوں کارکن آج تک لاپتہ ہیں۔ ملک میں کوئی قانون نہیں، کوئی نظام نہیں، ایسے نظام کوجب مردہ باد کہتے ہیں توغدارکہاجاتاہے۔ جس شخص نے کہاکہ ہم بھارتی ٹینکوں پر بیٹھ کر آئیں گے،اسٹیبلشمنٹ نے اسے گورنربنادیا، جس نے ملک توڑااس کوانعامات سے نوازاگیا، قائد تحریک الطاف حسین نے توملک نہیں توڑا۔ ان کے ایک نعرے کی سزاپرپوری قوم کودیوارمیں چن دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کوچاہیے کہ وہ دنیا کے حالات کودیکھے اورقائدتحریک الطاف حسین کوبھی ملک کی سیاست میں حصہ لینے کی آزادی دی جائے۔
ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن ہاشم اعظم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقہ سے جنم لیا۔ اس میں کوئی جاگیردارنہیں تھااسلئے اسے بزورطاقت ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایم کیوایم کوتقسیم کیا، غداریاں کرائی گئیں۔ تحریک آج بھی اپنی آب وتاب کے ساتھ جاری ہے، اس تحریک میں 25 ہزارساتھیوں کی قربانیاں شامل ہیں۔ قائدتحریک الطاف حسین کی قیاد ت میں یہ جدوجہدجاری ہے اوراپنی منزل مقصود پرجاکرختم ہوگی۔
ایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزرمعین احمد نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین کوجلاوطن ہوئے 35سال ہوگئے،انہوں نے گلی گلی جاکراپنے نظریہ کاپرچارکیا، وہ پیراشوٹ سے نہیں آئے تھے بلکہ انہوں نے تحریک شروع کی اورانتخابات میں کامیابیاں حاصل کیں، اسٹیبلشمنٹ کے ایوانوں میں ز لزلہ آگیااورانہوں نے قائدتحریک الطاف حسین کوراستے سے ہٹانے کی سازشیں کیں، لیکن عوام آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔ عوام صرف قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے مینڈیٹ کوتسلیم کیاجائے۔
ایم کیوایم شعبہ خواتین کی انچارج محترمہ یاسمین نوین نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ آج کادن ان شہیدوں کویادکرنے کادن ہے جوتحریک پر قربان ہوگئے، یہ ان شہید وں کی قربانیوں کاثمر ہے جوتحریک زندہ وجاویدہے۔انہوں نے کہاکہ تحریکیں ختم نہیں ہوتیں بلکہ آزمائشوں سے گزرکرمزید آگے بڑھتی ہیں ۔ ہم قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں اوررہیں۔
اجتماع سے ایم کیوایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزراطہرعزیز، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان حفیظ احمد، امتیاز انصاری، عبدالحفیظ، ویسٹ لندن یونٹ کے انچارج صداقت بھائی،برمنگھم یونٹ کے انچارج ساجد شاہ، مانچسٹریونٹ کے انچارج جواد احمد، یوتھ ونگ کے عبدالرحمان فاروق نے بھی اظہارخیال کیا