امجد صابری کا خون ناحق ابھی خشک بھی نہیں ہوا تھا کہ سید فرحان علی رضوی کی کار پر فائرنگ کا واقعہ ہوگیا
ایک ہی روز میں دومعروف شخصیات پر قاتلانہ حملے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کسی کا خوف نہیں ہے
شہید امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری اور سید فرحان علی رضوی کی کار پر قاتلانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکیا جائے
دہشت گرد کراچی کا امن و امان تباہ و بربادکرنے کے درپے ہیں
کئی برسوں سے جاری آپریشن کی اثر پذیری سے کیا کالعدم مذہبی جماعتیں مستثنیٰ قرار دے دی گئی ہیں
کراچی ۔۔۔23، جون 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ملکی و بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف قوال امجد صابری کے بہیمانہ قتل کی واردات کے فوراً بعد کراچی کے ہی علاقے تین ہٹی میں معروف نعت خواں اور نوحہ خواں سید فرحان علی رضوی المعروف علی وارث کی کار پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے ایک ہی روز میں دومعروف شخصیات پر قاتلانہ حملے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کسی کا خوف نہیں ہے اور وہ دیدہ دلیری سے جب چاہیں اور جہاں چاہیں بے گناہ افراد کو خاک و خون میں نہلادیتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے ہر دلعزیز و معروف قوال امجد صابری کا خون ناحق ابھی خشک بھی نہیں ہوا تھا کہ سید فرحان علی رضوی کی کار پر فائرنگ کا واقعہ ہوگیاجویہ ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گرد کراچی کا امن و امان تباہ و بربادکرنے کے درپے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے جاری آپریشن کی اثر پذیری سے کیا کالعدم مذہبی جماعتیں مستثنیٰ قرار دے دی گئی ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ فی الفور شہید امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری اور سید فرحان علی رضوی کی کار پر قاتلانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکیا جائے ۔