مردان میں خود کش بم دھماکہ پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کااظہار مذمت
بم دھماکوں میں ملوث سفاک دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان تیز کرکے اس کی سمت درست کی جائے ، ڈاکٹر فارو ق ستار
مردان میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے اظہارتعزیت، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا
کراچی ۔۔۔29، دسمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں سیکورٹی فورسز ، مساجد ، امام بارگاہوں اور پبلک مقامات پر دھماکے کرنے اور دہشت گردی میں ملوث سفاک دہشت گردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان تیز کیاجائے اور اس کی سمت درست کرکے ساری توانائی ان دہشت گردوں کے خاتمے پر صرف کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب کالعدم تنظیموں کے سفاک دہشت گرد ملک میں بم دھماکے کررہے ہیں اور معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں اور دوسری جانب ان دہشت گردوں کے خلاف کارورائی کے بجائے مذموم مقاصد کیلئے ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کرنیوالوں نے دین اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے اور اس کی آڑ میں جس طرح سے معصوم و بے گناہ لوگوں کا خون بہایاجارہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت فعل ہے ۔انہوں نے مردان خود کش بم دھماکہ میں درجنوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی عطاکرے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم نوا زشریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیاکہ مردان میں خود کش بم دھماکہ میں ملوث ملک دشمن دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ان کے خلاف جاری نیشنل ایکشن پلان کی سمت کو درست کرکے عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔