Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پروحشیانہ فائرنگ اورشیلنگ سراسرظلم ہے۔الطاف حسین


اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پروحشیانہ فائرنگ اورشیلنگ سراسرظلم ہے۔الطاف حسین
 Posted on: 8/31/2014
اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پروحشیانہ فائرنگ اورشیلنگ سراسرظلم ہے۔الطاف حسین
مظاہرین پروحشیانہ شیلنگ کی گئی، ان پرربر کی گولیاں چلائی گئیں اور اس بے دریغ طریقے سے چلائی گئیں جیسے کہ سامنے اپنے ملک کے شہری نہیں بلکہ کسی دشمن ملک کے حملہ آوروں کے لشکر ہیں 
حکومت کو اپنے شہریوں کے خلاف ایسا جابرانہ، آمرانہ ،سفاکانہ اوروحشیانہ طرزعمل ہرگز اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا
ریاستی طاقت کا استعمال بند کردیں ،کہیں ایسا نہ ہوکہ حالات ایسی جگہ پہنچ جائیں کہ پھر دوسری قوتوں کو سامنے آناپڑے
حکمرانوں کویہ نہیں بھولنا چاہیے ہرنفس کو اس دنیامیں اورروزمحشر اپنے ظلم کاحساب دیناہوگا 
حکمراں ان ہاؤس تبدیلی لے آئیں، حکومت آپ کی رہے گی ، جمہوریت برقرار رہے گی 
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنان قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور پرامن احتجاج کریں
اسلام آبادمیں ہونے والے ظلم کے خلاف ایم کیوایم نے کل پورے ملک میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے
ایک ایک پاکستانی سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس ظلم کے خلاف سیاہ پرچم لہرائیں، مذمت کریں ، قرآن خوانی کریں 
لندن۔۔۔31، اگست2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پروحشیانہ فائرنگ اورشیلنگ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ سراسرظلم ہے اور حکومت کو اپنے شہریوں کے خلاف ایسا جابرانہ، آمرانہ ،سفاکانہ اوروحشیانہ طرزعمل ہرگز اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا ۔موجودہ صورتحال پر اپنے ہنگامی بیان میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنان ، مائیں ، بہنیں ، بچے ، بچیاں حتیٰ کہ شیرخوار بچے بھی اپنی اپنی پارٹی کے منشور ومقاصد کے مطابق کئی دنوں سے پرامن احتجاج کررہے تھے اورآج جیسے ہی مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس سے مارچ کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان پروحشیانہ شیلنگ کی گئی، ان پرربر کی گولیاں چلائی گئیں اور اس بے دریغ طریقے سے چلائی گئیں جیسے کہ سامنے اپنے ملک کے شہری نہیں بلکہ کسی دشمن ملک کے حملہ آوروں کے لشکر ہیں ، اس وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں میڈیاکی رپورٹ کے مطابق کئی افراد شہید ہوگئے جبکہ کئی خواتین، نوجوان، بزرگ اوربچوں سمیت 100سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے یہ بہت بڑا ظلم کیاہے اورمیں اس ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور حکومت سے ایک مرتبہ پھر اپیل کرتا ہوں کہ خدارا طاقت کا استعمال نہ کرے ، مظاہرین میں  صرف مردحضرات نہیں بلکہ خواتین اور شیرخوار بچے اور معذور بھی ہیں ان کا خیال کرے۔ حکمرانوں کویہ نہیں بھولنا چاہیے ہرنفس کو اس دنیامیں بھی اپنے ظلم کاحساب دیناہوگااوراگر اس دنیا میں وہ حساب کتاب سے بچ جائے تو اسے روزمحشر ایک ایک چیز کا حساب دینا ہوگا۔حکمراں اس وقت سے ڈریں کہ جب خدا کا جلال عروج پر پہنچ جائے اور اس کا عذاب اس طرح نازل ہوکہ ظلم کرنے والوں کو کہیں جائے پناہ نہ ملے ۔ حکمرانوں کوشاہ ایران جیسے آمروں سے سبق حاصل کرناچاہیے جن کی اجازت کے بغیرکوئی پرندہ بھی پرنہیں مار سکتا تھا لیکن جب انقلاب ایران آیا تو سب سے بڑا اور طاقتور اور سپرپاور ملک اور جن جن ممالک کی سپورٹ پر وہ اپنے لوگوں پر ظلم کرتارہا ان ممالک نے بھی اسے پناہ دینے سے انکار کردیا ۔موجودہ حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ خداکی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جب وہ برستی ہے تو پتہ نہیں لگتا،حکمرانوں کوسوچناچاہیے کہ کل بازی پلٹ بھی سکتی ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے حکمرانوں سے پاکستان کے استحکام اورمعصوم جانوں کے تحفظ کیلئے اپیل کی کہ وہ خدارا پرامن مظاہرین پرریاستی طاقت کا استعمال بند کردیں ، ان ہاؤس تبدیلی لے آئیں، حکومت آپ کی رہے گی ، جمہوریت برقرار رہے گی ، اقتدار آپ ہی کا رہے گا، کہیں ایسا نہ ہوکہ حالات ایسی جگہ پہنچ جائیں کہ پھر ان قوتوں کو سامنے آنا پڑے جن کے تقدس کو آپ کی حکومت کے دوران مجروح کیا جاتا رہاہے ۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ جب 19، جون1992ء کو ایم کیوایم کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیاگیاتو جوجو حکومت آتی رہی وہ ایم کیوایم کے کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل کرتی رہیں ،ہمارے ہزاروں کارکنوں کو شہید کیا گیا کہ ہمارا شہداء قبرستان بھرگیا ، ایم کیوایم نے فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے ،اسٹیٹس کو، کوتوڑنے ، غریبوں کی حکمرانی کیلئے ، دوفیصد کرپٹ حکمرانوں کے موروثی اور خاندانی سیاست کے خاتمے کیلئے جتنی قربانیاں دیں ہیں کسی اورجماعت نے نہیں دیں۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ وزیراعظم ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کرنا کوئی غیرآئینی یا غیرجمہوری نہیں ہے ، یہ پوری دنیا میں ہوتا ہے ۔ برطانیہ میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے مظاہرے روزمرہ کا معمول ہیں لیکن وہاں مظاہرین پر کوئی ظلم کا حربہ استعمال نہیں کیا جاتا، یہ عوام کا قطعی آئینی اور جمہوری حق ہے ۔ نوازشریف اور بینظیربھٹو شہید کے دورمیں بھی ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیوایم نے پورے برطانیہ میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے کئی مظاہرے کیے ، میں بذات خودکئی مظاہروں میں شریک رہالیکن مظاہرین پر کوئی ظلم نہیں ہوالہٰذاآج وزیراعظم ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کوئی غلط نہیں تھا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج اسلام آبادمیں مظاہرین پرجوظلم ہواہے اس کے خلاف ایم کیوایم نے کل پورے ملک میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ۔میں ایک ایک پاکستانی سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس ظلم کے خلاف سیاہ پرچم لہرائیں ، مذمت کریں ، قرآن خوانی کریں اور جگہ جگہ جہاں ممکن ہودعائیں کریں، اپنے علاقوں میں شہداء کیلئے قرآن خوانی اور ملک میں امن عامہ کیلئے دعائیں کریں ۔ انہوں نے غیرمسلم پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کی سلامتی وبقاء اور انسانوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنے اپنے مذہب کے مطابق دعائیں کریں ۔جناب الطا ف حسین نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ان کے رفقائے کارسے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے کارکنوں کو باربار ہدایت کریں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور کوئی غیرقانونی اورغیرآئینی اقدام نہ اٹھائیں ۔

4/24/2024 11:54:47 AM