لندن میں ایم کیوایم کے یوم تاسیس کی تقریب میں قائدتحریک الطاف حسین کو بابائے مہاجرقوم کا خطاب دیدیاگیا
آج سے قائد تحریک الطاف حسین کو قا ئد تحریک کے ساتھ ساتھ بابائے مہاجرقوم بھی کہااورلکھا جائے، قرارداد
رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے قراردادپیش کی ،اجتماع کے شرکاء نے متفقہ طورپر قرارداد منظورکرلی
لندن میں ایم کیوایم(پاکستان) کے 33 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں متفقہ قرارداد کے ذریعہ ایم کیوایم کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کو بابائے مہاجرقوم کا خطاب دیدیا گیا۔ گزشتہ روز لندن کے علاقے ایجوئیر میں واقع سنگم ہال میں متحدہ قومی موومنٹ کا 33 واں یوم تاسیس منایاگیا جس میں رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے ایک قرارداد پیش کی ۔ قرارداد میں کہاگیاکہ آج کا یہ اجتماع برادریوں، فقہہ اورمسلک کے دائروں میں بٹے ہوئے مہاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے ، انہیں ایک طاقت بنانے اور مہاجرقوم کو ایک قومی شناخت دینے پر متفقہ طور پر ایم کیوایم کے بانی وقائد محترم جناب الطاف حسین کو بابائے مہاجر قوم کاخطاب دیتا ہے اورتمام ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوں سے اپیل کرتا ہے کہ آج سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کو قا ئد تحریک کے ساتھ ساتھ بابائے مہاجرقوم بھی کہااورلکھا جائے ۔ اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طورپر قرارداد منظورکرلی۔اس موقع پر لندن کی فضائیں ایم کیوایم کے کارکنان کے پرجوش نعروں سے گونج اٹھیں، کارکنان نے فلک شگاف نعرے لگاکر جناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کااظہارکیا جس کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
*****