Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

میں رینجرز کے ترجمان کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردیدکرتاہوں۔الطاف حسین


میں رینجرز کے ترجمان کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردیدکرتاہوں۔الطاف حسین
 Posted on: 7/26/2017
میں رینجرز کے ترجمان کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردیدکرتاہوں۔الطاف حسین
مجھ پر جھوٹاالزام اوربہتان لگانے والے جھوٹے اور کاذب ہیں،انہیں یہ شرمناک الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے
ٹی وی پر میرے بیانات نشرکرنے پر پابندی ہے لیکن مجھ پر بہتان لگانے کیلئے پیمراکے احکامات کی بھی خلاف ورذی کی گئی
میری تردیدکوبھی ٹی وی پر نشرکیاجائے یا پیمرا کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر رینجرز والوں کے خلاف کارروائی کی جائے 
ظلم کے ذریعے کراچی، حیدرآباداورسندھ کے شہری علاقوں میں خوف تو قائم کیا جاسکتا ہے لیکن پانچ کروڑ مہاجروں کوختم نہیں کیاجاسکتا
تمام ترمظالم اورسازشوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ہی ایم کیوایم کوزندہ رکھاہے اوروہی اس کواپنی رحمت سے زندہ رکھے گا

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے رینجرزکی جانب سے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے فائرنگ کے واقعہ کے حوالے سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور ا ن الزامات کوانتہائی شرمناک قراردیاہے۔اپنے ایک تازہ ترین آڈیوبیان میں انہوں نے کہا کہ چندروزقبل اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کاواقعہ ہوا لیکن ہرواقعہ کی طرح اس واقعہ میں بھی ایم کیوایم کوملوث کیاجارہاہے۔ آج بروزبدھ رینجرزکے ترجمان نے اپنی پریس کانفرنس میں یہ الزام لگایاکہ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعہ میں ایم کیوایم کے کارکنان ملوث ہیں،رینجرزترجمان نے پریس کانفرنس میں میری آڈیوریکارڈنگ بھی سنائی ہے،جسے سیاق وسباق سے ہٹاکر اورتوڑمروڑکرپیش کیاگیا اوریہ الزام لگایاگیاکہ میں فائرنگ کے واقعہ پر شاباش دے رہا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ یونٹ نے 16جولائی 2017ء کو اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس کا شانداراجتماع منعقد کیا ، یہ اجتماع ساؤتھ افریقہ کے شہرپیٹرمیرزبرگ میں ہواتھا جس میں حکمراں افریقن نیشنل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ یوسف بام جی، افریقن نیشنل کانگریس کی کونسلرمحترمہ نجمہ احمد اورمقامی کمیونٹی کی دیگرشخصیات اورلوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی تھی جس میں نوجوان، مائیں ،بہنیں، بزرگ، بچے سبھی شامل تھے۔ میں نے اسی شاندار پروگرام کے انعقادپر ساؤتھ افریقہ یونٹ کے کارکنوں کو فون پرشاباش دی تھی،کارکنان اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہر شاندار اجتماع کے انعقادپر کارکنوں اورذمہ داروں کوشاباش اورخراج تحسین پیش کرنا میری شروع ہی سے روایت ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ میں رینجرز کے ترجمان کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردیدکرتاہوں، مجھ پر ایساجھوٹاالزام اوربہتان لگانے والے جھوٹے اور کاذب ہیں،انہیں یہ شرمناک الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔کیاساؤتھ افریقہ میں فوج کے ملٹری اتاشی یاآئی ایس آئی کے نمائندوں کواے پی ایم ایس او کے اس پروگرام کے بارے میں نہیں معلوم ہوگا؟کیاجھوٹے الزامات لگانے والوں کو اللہ تعالیٰ کوجواب نہیں دیناہے؟ انہوں نے کہاکہ حقیقت تویہ ہے کہ رینجرز کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اورانہیں گرفتارکرکے جبری طورپرلاپتہ کرنے میں ملوث ہے، ایم کیوایم کے ایک کارکن آفتاب احمدکے رینجرز کے زیرحراست ماورائے عدالت قتل کااعتراف خودسابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورسابق ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر نے بھی کیا تھا اور اس واقعہ کی تحقیقات کااعلان کیاتھالیکن اس ماورائے عدالت قتل میں ملوث رینجرزاہلکاروں کوسزانہیں دی گئی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ رینجرزکے ترجمان کرنل قیصرخٹک نے آج اپنی پریس کانفرنس میں ایم کیوایم کے کارکنوں اوران کے اہل خانہ کوسنگین انجام سے دوچارکرنے کی دھمکی دی ہے لہٰذا سپریم کورٹ کواس دھمکی کانوٹس لیتے ہوئے رینجرزترجمان کے پرمقدمہ قائم کرناچاہیے۔ اسی طرح ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل رینجرزکے افسران کے خلا ف مقدمہ قائم کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ جب ملک کے وزیراعظم کے خلاف مقدمہ ہوسکتاہے توفوج کے افسران پر کیوں نہیں ہوسکتا۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ رینجرزکے ترجمان نے ایم کیوایم پربھتہ کاالزام لگایاہے جبکہ کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ شہرمیں غیرقانونی ہائیڈرینٹ، واٹر ٹینکر، پیٹرول پمپس اوراسی طرح کے دیگرکام کون کررہاہے، جن افرادکوجرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بناء پر ایم کیوایم سے خارج کیاگیاتھا انہیں ڈیفنس میں بنگلے کس نے فراہم کئے ہیں اوران کی سرپرستی کون کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ رینجرز کے ترجمان نے میری آڈیوٹی وی پرچلاکرمجھ پر جھوٹاالزام لگایاجبکہ ٹی وی پر میرے بیانات نشرکرنے پر پابندی ہے اورمجھ پر بہتان لگانے کیلئے پیمراکے احکامات کی بھی خلاف ورذی کی گئی، لہٰذا مجھے بھی ٹی وی پر اپنا مؤقف پیش کرنے کاموقع دیاجائے اورمیری تردیدکوبھی ٹی وی پر نشرکیاجائے یا پیمرا کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر رینجرز والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں فوج خودکو آئین وقانون سے ماوراء سمجھتی ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں جوسینئرصحافی، اینکرز،تجزیہ نگاراوروکلاء موجودہ صورتحال میں سچ بول رہے ہیں وہ زیرعتاب آجاتے ہیں،حامدمیرنے سچ بولاتوانہیں گولیاں ماری گئیں، بعض صحافیوں اوربلاگرزکواغواکرکے تشددکانشانہ بنایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ میں انسانی حقوق کی سینئروکیل محترمہ عاصمہ جہانگیر اوران تمام وکلاء کوخراج تحسین پیش کرتاہوں جوموجودہ حالات میں بھی سچ بول رہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی انجمنوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے خلاف جاری ریاستی آپریشن اورانسانی حقوق کی خلاف ورذیوں پر آوازاٹھائیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ظلم کے ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ اللہ تعالیٰ کافرمان ہے کہ حق آنے کیلئے ہے اورباطل مٹنے کیلئے ہے ۔ ظلم کے ذریعے کراچی، حیدرآباداورسندھ کے شہری علاقوں میں خوف تو قائم کیا جاسکتا ہے لیکن ظلم کے ذریعے پانچ کروڑ مہاجروں کوختم نہیں کیاجاسکتا، انشاء اللہ ایک دن اللہ کی لاٹھی ظلم کرنے والوں کے سرپرچلے گی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ تمام ترمظالم اورسازشوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ہی ایم کیوایم کوزندہ رکھاہے اوروہی اس کواپنی رحمت سے زندہ رکھے گااورانشاء اللہ ایم کیوایم قائم رہے گی اور اس کوختم کرنے کی سازشیں کرنے والے اپنی سازشوں میں ناکام ہوں گے۔
*****

4/23/2024 3:39:19 PM